دبئی (این این آئی)قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان بابر اعظم نے بھی بھارتی ٹیم کے آل رائونڈر ہاردیک پانڈیا کی تعریف کر دی۔پاک بھارت پوسٹ میچ پریس کانفرنس کے دوران صحافی کی جانب سے ہاردیک پانڈیا سے متعلق پوچھے گئے سوال کے جواب میں بابر اعظم نے کہا کہ
پانڈیا نے بولنگ اور بیٹنگ اچھی کی۔انہوں نے کہا کہ ہاردیک پانڈیا کافی اچھا آل رائونڈر ہے، اس نے جس طرح میچ فینیش کیا وہ بھی بہت اچھا تھا۔دوسری جانب فاسٹ بائولر محمد عامر بھی بھارتی آل رائونڈر پانڈیا کی پرفارمنس سے متاثر ہوئے بغیر نہ رہ سکے ۔تفصیلات کے مطابق متحدہ عرب امارات میں کھیلے جا رہے ایشیا کپ کے گروپ بی کے پہلے میچ میں بھارت نے ہاردیک پانڈیا کی آل رائونڈر کارکردگی کی بدولت پاکستان کو 5 وکٹوں سے شکست دی تھی۔ہاردیک پانڈیا کی بیٹنگ اور بولنگ کی خوب تعریف کی گئی، انہوں نے پہلے بولنگ میں پاکستان کے 3 شکار کیے اور پھر ذمہ دارانہ بیٹنگ کر کے پاکستان کو جیت سے دور کر دیا۔بھارتی آل رائونڈر ہاردیک پانڈیا نے پاکستان کو شکست دینے کے بعد ٹوئٹر پر دو تصاویر شیئر کی ہیں، ایک تصویر 2018 کے ایشیا کپ میں زخمی ہونے کی تھی اور دوسری تصویر اتوار کو پاکستان کو شکست دینے کے بعد کی تھی۔ہاردیک پانڈیا نے اپنے ٹوئٹر پیغام میں لکھا کہ حادثے سے واپسی زیادہ بڑی ہے۔ محمد عامر نے ہاردیک پانڈیا کے ٹوئٹ پر جواب دیتے ہوئے کہا کہ بھائی آپ نے بہت اچھا کھیلا۔واضح رہے کہ اتوار کے روز پاکستان اور بھارت کے درمیان ایشیا کپ میں کھیلے گئے میچ میں بھارت نے پاکستان کو 5 وکٹوں سے شکست دی تھی، پاکستان کی جانب سے دیا گیا 148 رنز کا ہدف بھارت صرف 2 گیندوں قبل حاصل کرسکا۔