لندن (این این آئی)برطانوی شخص نے تقریبا 6 ہزار ٹماٹر ایک ہی پودے پر اگا کر سب سے زیادہ ٹماٹر اگانے کا نیا عالمی ریکارڈ قائم کردیا۔اس سے قبل یہ ریکارڈ سرجیت سنگھ کے پاس تھا جنہوں نے ایک ہی پودے پر 1355 ٹماٹر اگائے تھے۔میڈیارپورٹس کے مطابق44 سالہ ڈگلس اسمتھ کو ایک ہی پودے پر چار گنا زیادہ ٹماٹر اگا کر سرجیت سنگھ کا سابقہ ریکارڈ توڑنے پر چیمپین کاشتکار کے خطاب سے نوازا گیا۔ڈگلس اسمتھ نے ان ٹماٹروں کا جب وزن کیا تو وہ 20 کلو سے زائد ریکارڈ کیا گیا۔ یہ پہلا موقع نہیں ہے جب انہوں نے سبزی اگانے کا ریکارڈ قائم کیا ہے۔اس سے قبل ایک ہی بیل پر سب سے زیادہ ٹماٹر اگانے اور 20 فٹ لمبا سورج مکھی اگانے کا ریکارڈ بھی ڈگلس اسمتھ کے پاس ہے۔