ریاض(آن لائن)سعودی عرب کے صوبے باحہ میں زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے ہیں۔سعودی جیولوجیکل سروے اتھارٹی کے مطابق مملکت کے جنوب مغربی صوبے میں آنے والے زلزلے کی شدت ریکٹر اسکیل پر 3.62 ریکارڈ کی گئی۔
عرب میڈیا کے مطابق زلزلے کی شدت کم تھی تاہم علاقے میں زلزلیکے جھٹکوں کے باعث پہاڑوں میں لینڈ سلائیڈنگ بھی ہوئی ہے جس میں ایک اسکول کے متاثر ہونیکی اطلاع ہے۔جیولوجیکل سروے اتھارٹی کے ترجمان کا کہنا ہے کہ زلزلے کا مرکز آبادی سے دور ہونے کی وجہ سے اس کی شدت کم رہی تاہم ایک ٹیم بھیجی گئی ہے تاکہ کسی بھی نقصان کے بارے میں پتہ لگایا جاسکے۔واضح رہے کہ آج بلوچستان کے علاقے قلات میں بھی 4.7 شدت کے زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے۔ پاکستان میٹرولوجیکل ڈپارٹمنٹ (پی ایم ڈی) کے مطابق قلات میں 4.7 شدت کا زلزلہ آیا۔پی ایم ڈی کے نیشنل سیسمک مانیٹرنگ سینٹر کا کہنا تھا کہ قلات سے 15 کلومیٹر جنوب مشرق میں شام کو 5:37 بجے زلزلہ آیا، جس کی گہرائی 34 کلومیٹر تھی۔بیان میں کہا گیا کہ زلزلے کے جھٹکے قلات اور دیگر قریبی علاقوں میں بھی محسوس کیے گئے۔قلات میں آنے والے زلزلے سے تاحال کسی قسم کے جانی یا مالی نقصان کی رپورٹ نہیں ملی۔دوسری جانب امریکی جیوجیکل سروے نے قلات میں زلزلے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ زلزلہ قلات سے 22.2 کلومیٹر مشرق میں آیا۔