اسلام آباد (آن لائن) وفاقی کابینہ نے سیلاب کی صورتحال میں مقامی منڈی میں پیدا شدہ قلت پر قابو پانے کے لئے پیاز ٹماٹر کی درآمد کی اجازت دیتے ہوئے ان اشیاء کو ٹیکس سے استثنیٰ دینے کی منظوری دے دی ہے۔ بدھ کو کابینہ ڈویڑن نے کابینہ کے
فیصلوں کی منظوری کا باضابطہ حکم نامہ جاری کر دیا ہے۔ سیکرٹری ریونیو ڈویڑن عاصم احمد نے 30 اگست 2022 کو ٹماٹر اور پیاز کی درآمد اور اس ٹیکس استثنیٰ دینے کی سمری غور اور منظوری کے لئے وزیراعظم کو بھجوائی تھی۔ سمری میں حالیہ تباہ کن سیلاب کی صورتحال اور اس کے نتیجے میں زرعی اشیاء خاص طور پر پیاز ٹماٹر کی ملک میں بڑھتی قلت کا حوالہ دیتے ہوئے امپورٹ کرنے کی تجویز دی گئی تھی۔ وزارت کامرس نے تجویز دی تھی کہ ان اشیاء کی امپورٹ کی حوصلہ افزائی کے لئے ٹیکس استثنیٰ دیا جائے۔ انکم ٹیکس آرڈیننس 2001 کے سیکشن 53 ذیلی شق 2 کے تحت وفاقی حکومت ہنگامی حالات میں ملک میں غذائی تحفظ کے لئے ود ہولڈنگ اور سیلز ٹیکس سے استثنیٰ دے سکتی ہے۔ کابینہ ڈویڑن کے نوٹیفیکیشن کے مطابق کابینہ نے سرکولیشن کے ذریعے ٹماٹر پیاز کی درآمد کی اجازت دے دی جبکہ موجودہ ہنگامی صورتحال میں ان اشیاء کی درآمد پر ٹیکس استثنیٰ دے دیا ہے۔