دبئی (مانیٹرنگ ڈیسک)بھارتی باؤلرز پاکستانی بیٹرز پر حاوی ہو گئے،پاکستان بڑا ٹارگٹ دینے میں ناکام رہا، دبئی اسٹیڈیم میں کھیلے گئے ایشیاء کپ ٹی ٹونٹی کے دوسرے میچ میں بھارت کے کپتان روہت شرما نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا۔
روایتی حریف ٹیم کے کپتان نے پاکستان کو بیٹنگ کی دعوت دی۔ پاکستان کی جانب سے بیٹنگ کے لئے محمد رضوان اور بابر اعظم آئے، پاکستان کا مجموعی سکور پندرہ ہوا تھا کہ بابر اعظم کمار کی گیند پر ارشدیپ سنگھ کو کیچ تھما بیٹھے، بابر اعظم نے 10 رنز بنائے، ان کے آؤٹ ہونے کے بعد رضوان کا ساتھ دینے کے لئے فخرزمان آئے لیکن وہ بھی چھ گیندوں پر دس رنز بنا کر اویش خان کی گیند پر دنیش کارتھک کو کیچ دے بیٹھے، فخر زمان کے بعد افتخار احمد محمد رضوان کا ساتھ دینے کے لئے آئے، وہ اچھا کھیلے انہوں نے 22 گیندوں پر 28 رنز بنائے لیکن پانڈیا کی گیند پر وہ بھی وکٹ کیپر دنیش کارتھک کو کیچ دے بیٹھے۔ محمد رضوان نے ذمہ دارانہ بیٹنگ کا مظاہرہ کیا انہوں نے 43 رنز بنائے وہ پانڈیا کا شکار بنے ان کا کیچ اویش خان نے تھاما۔ خوشدل شاہ دو رنز بنا کر پانڈیا کی گیند پر جدیجا کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوئے، آصف علی نے 7 گیندوں پر9 رنز بنائے اور کمار کی گیند پر یادیو کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہو کر پویلین لوٹ گئے۔ محمد نواز نے تین گیندو ں کا سامنا کیا اور وہ صرف ایک رنز بنا سکے، انہیں ارشدیپ نے دنیش کارتھک کے ہاتھوں کیچ آؤٹ کروایا، شاداب خان نے اچھی کوشش کی لیکن وہ دس رنز بنانے کے بعد کمار کی گیند پر ایل بی ڈبلیو ہو گئے۔
نسیم شاہ بغیر کوئی رنز بنائے کمار کی گیند پر ایل بی ڈبلیو آؤٹ ہوئے۔ آخر میں شاہنواز دھانی حارث رؤف کا ساتھ دینے کے لئے آئے۔ دونوں کھلاڑیوں نے اچھے کھیل کا مظاہرہ کیا۔ شاہنواز دھانی نے 16 رنز بنائے اور وہ ارشدیپ سنگھ کا شکار بنے، حارث رؤف نے 13 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔ پاکستان نے 147 بنائے اور تمام ٹیم آؤٹ ہو گئی، اس طرح پاکستان نے بھارت جیتنے کے لئے 148 رنز کا ٹارگٹ دے دیا،
بھارت کی جانب سے بھونیشور کمارنے چار،پانڈیا نے تین،اویش خان نے ایک جبکہ ارشدیپ سنگھ نے دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ دبئی میں کھیلے گئے ایشیاء کپ ٹی ٹونٹی میچ میں دونوں ٹیمیں ان کھلاڑیوں پر مشتمل تھیں۔پاکستان کی ٹیم میں بابراعظم (کپتان)، محمد رضوان (وکٹ کیپر)، فخر زمان، افتخار احمد، خوشدل شاہ، آصف علی، شاداب خان، محمد نواز، نسیم شاہ، حارث رؤف اور شاہنواز دھانی جبکہ بھارت کی جانب سے روہت شرما(کپتان)، کے ایل راہول، سوریہ کمار یادیو، دنیش کارتھک (وکٹ کیپر)، ہارڈک پانڈیا، رویندرا جدیجا، بھونیشور کمار، اویش خان، یوزویندر چاہل اور ارشدیپ سنگھ میدان میں اترے۔