اسلام آباد (این این آئی)پی ٹی آئی رہنماء شہباز گل کے خلاف اسلحہ رکھنے پر مقدمہ درج کر لیا گیا ، مقدمہ اسلام آباد کے تھانہ سیکرٹریٹ میں درج کیا گیا۔ مقدمے کے متن میں کہا گیا ہے کہ پارلیمنٹ لاجز میں شہباز گل کے فلیٹ سے نائن ایم ایم کا غیر لائنسنس یافتہ پستول برآمد ہوا،
شہباز گل نے لائسنس کا دعویٰ کیا لیکن پیش نہ کر سکے۔بغاوت کے مقدمے میں گرفتار پی ٹی آئی رہنماء شہباز گل پر اسلام آباد پولیس نے ایک اور مقدمہ درج کر دیا ہے۔ نیا مقدمہ اسلام آباد کے تھانہ سیکرٹریٹ میں آرمز آرڈیننس کی دفعات تیرہ۔ بیس اور پینسٹھ کے تحت درج کیا گیا ہے۔ مقدمے کے متن میں کہا گیا کہ پولیس جسمانی ریمانڈ کے دوران ملزم کو پارلیمنٹ لاجز میں اس کے فلیٹ پر لے گئی۔ جہاں ملزم کے کمرے سے نائن ایم ایم کا روسی ساختہ پستول اور گولیاں برآمد ہوئیں۔ جس پر ملزم نے دعویٰ کیا کہ پستول اس کے لائسنس یافتہ اور اس کے ملازم کا ہے۔ تاہم بعد ازاں استفسار پر نہ تو ملزم شہباز گل اور نہ ہی ان کا ملازم لائسنس پیش کر سکا ہے۔ شہباز گل بغاوت کے مقدمے میں دو روزہ جسمانی ریمانڈ پر اسلام آباد پولیس کی حراست میں ہیں۔ ان کے خلاف یہ مقدمہ ریاستی اداروں کے خلاف ہرزہ رسائی پر نو اگست کو تھانہ کوہسار میں درج کیا گیا تھا۔