لاہور (این این آئی)اداکارہ حمیرا اصغر اور عائشہ خان کی افسوسناک اموات کے بعد معروف اداکار و میزبان فیصل قریشی نے فنکاروں کے لیے ایک جذباتی ویڈیو پیغام جاری کیا ہے جو سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہو رہا ہے۔فیصل قریشی نے فنکار برادری کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ اگر آپ کسی بھی قسم کی پریشانی کا شکار ہیں تو خود کو اکیلا نہ سمجھیں، مجھ سے رابطہ کریں، میں اور دوسرے فنکار آپ کی مدد کے لیے موجود ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ ACT (Actor,s Collective of Pakistan)پاکستان نامی تنظیم جو فنکاروں کی مدد کیلیے قائم کی گئی ہے اس نے حال ہی میں حمیرا اصغر اور عائشہ خان کی وفات کے بعد قرآن خوانی کا انعقاد کیا۔فیصل قریشی نے کہا ACT میں ایسے لوگ موجود ہیں جو فنکاروں کو ہر ممکن طریقے سے سپورٹ فراہم کرتے ہیں، چاہے وہ مالی مشکلات ہوں یا صحت کے مسائل۔انہوں نے مزید بتایا کہ میں، حنا بیات، عتیقہ اوڈھو، عمیر رانا اور دیگر ACT کے ممبرز 24 گھنٹے دستیاب ہیں، اگر کسی کو کسی بھی قسم کا مسئلہ ہو تو براہِ کرم ہم سے رابطہ کریں۔