اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک )ملک کے بیشتر شہروں میں کیبل پر بول نیوز کی نشریات بند کی جا رہی ہیں۔تفصیلات کے مطابق کئی کیبل آپریٹرز نے اپنے شہروں میں بول نیوز کی نشریات بند کر دی ہیں۔نجی ٹی وی بول نیوز کے مطابق سانگھڑ میں کیبل آپریٹرز نے بول نیوز کی نشریات بند کر دی ہیں۔
شکارپور کے علاقے گڑھی یاسین، خانپور، لکھی غلام شاھ، رستم، چک، ڈرکھن، مدئجی، سلطان کوٹ، ہمایوں، جہان واھ اور حافظ آباد کے علاقے پنڈی بھٹیاں، جلالپور بھٹیاں، سکھیکی منڈی اور گرد و نواح میں بول نیوز ٹی وی کی نشریات بند کر دی گئی ہیں۔عمران خان کا جلسہ شروع ہونے سے قبل اٹک اور سرگودھا میں بھی بول نیوز کی لائیو ٹرانسمیشن کو روک دیا گیا۔بلوچستان کے بیشتر علاقوں میں بھی بول نیوز کی نشریات بند ہو گئی ہیں۔دوسری جانب میاں مامون جعفر نے کہا کہ بول نیوز ٹی وی کی نشریات بند کرنے کی مذمت کرتا ہوں، چینل کی نشریات بند کرنا اظہار رائے پر تالا لگانے کے مترادف ہے۔ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ وفاقی حکومت عمران خان اور بول نیوز کی بڑھتی مقبولیت سے خوف زدہ ہے۔قبل ازیں پی ٹی آئی رہنما حماد اظہر نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے ایک پیغام میں کہا کہ پاکستان کے سب سے مقبول اور دیکھے جانے ولے رہنما کی تقاریر کو پاکستان کی تاریخ کی سب سے نفرت انگیز حکومت نے روک دیا ہے، یہ صرف اس لیڈر کو آگے ہی بڑھائے گا۔