اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک/این این آئی) ترجمان اسلام آباد پولیس کا کہنا ہےکہ عمران خان کی سکیورٹی واپس نہیں لی گئی، عمران خان کے ساتھ اور ان کی رہائش گاہ پر جتنی نفری تعینات تھی وہ موجود ہے۔ ترجمان کا کہنا ہےکہ عمران خان کی سکیورٹی واپس لیے جانے سے متعلق
پی ٹی آئی رہنماؤں کے بیانات میں صداقت نہیں ہے۔قبل ازیں تحریک انصاف کی رہنما شیریں مزاری نے دعویٰ کیا ہے کہ اسلام آباد پولیس نےکل شام سے عمران خان اور ان کی رہائش گاہ کی سکیورٹی واپس لے لی ہے۔سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر ایک بیان میں شیریں مزاری کا کہنا تھا کہ عمران خان اور ان کی رہائش گاہ کی سکیورٹی واپس لے لی گئی ہے، یہ خلاف قانون ہے، مگر اس امپورٹڈ حکومت میں قانون کی کس کو پرواہ ہے۔شیریں مزاری کا کہنا تھا کہ قوم آگاہ رہےکہ سازشی عناصر کیسے عمران خان کی زندگی کے لیے خطرات پیدا کر رہے ہیں۔دوسری جانب اسلام آباد پولیس نے سابق وزیر اعظم عمران خان کے بیان پر رد عمل کا اظہار کرتے ہوئے کہاہے کہ اسلام آباد کیپیٹل پولیس اپنی ذمہ داریاں پوری تندہی سے جاری رکھے گی۔اسلام آباد کیپیٹل پولیس نے چیئرمن پی ٹی آئی کی تقریر پر ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہاکہ اسلام آباد کیپیٹل پولیس اپنی ذمہ داریاں پوری تندہی سے جاری رکھے گی۔انہوںنے کہاکہ جو بھی شخص دھمکیاں یا الزامات لگائے گا اس کے ساتھ قانون کے مطابق سلوک کیا جائے گا۔ترجمان نے کہاکہ اسلام آباد کیپیٹل پولیس عوام اور اپنے وطن کے لیے اپنے کام کو سنجیدگی سے لیتی ہے۔ انہوںنے کہاکہ ہم ہر حال میں قوم کی خدمت کا حلف اٹھائے ہوئے ہیں۔انہوںنے کہاکہ تمام آفیسرز اور جوان پوری ذمہ داری سے اپنی خدمات سر انجام دے رہے ہیں اور دیتے رہیں گے۔
انہوںنے کہاکہ پولیس ایک منظم ادارہ ہے ، ہم ہر حال میں اپنے فرائض سرانجام دینے کے پابند ہیں۔ اور کسی قسم کی بدنظمی کا مظاہرہ نہیں کر سکتے۔ انہوںنے کہاکہ اسلام آباد کیپیٹل پولیس بحیثیت ادارہ تمام جھوٹے الزامات کے خلاف قانون کے مطابق عمل کرے گی۔