لاہور (آن لائن) پنجاب حکومت نے رواں مالی سال کے دوران مختلف سرکاری سکولوں میں اساتذہ کی کمی کو پورا کرنے کے لئے 30 ہزار اساتذہ کی بھرتی کا فیصلہ کیا ہے۔ بتایا گیا ہے کہ مذکورہ 30 ہزار اساتذہ میں سے ساڑھے 7 ہزار اساتذہ لاہور میں بھرتی کئے جائیں گے۔
تاہم اساتذہ کی بھرتی پنجاب پبلک سروس کمیشن کے ذریعے عمل میں لائی جائے گی۔ دوسری جانب صوبائی وزیر تعلیم پنجاب ڈاکٹر مرادراس نے 14 ہزار سے زائد ایجوکیٹر اساتذہ کو مستقل کرنے کی یقین دہانی کروا دی ہے۔ ڈاکٹر مرادراس کا کہنا ہے کہ صوبائی کابینہ سے سمری کی منظوری کے بعد سمری حتمی منظوری کے لئے وزیراعلیٰ پنجاب کو ارسال کی جا چکی ہے۔ جو منظور ہوتے ہی ہزاروں ایجوکیٹرز کو مستقل کردیا جائے گا۔ واضح رہے کہ ہزاروں ایجوکیٹرز کا یہ معاملہ گزشتہ 7 سال سے التواء کا شکار چلا آرہا ہے۔علاوہ ازیں محکمہ داخلہ پنجاب نے لاہور سمیت صوبے بھر کے سرکاری کالجوں میں فرسٹ ایئر کے داخلوں کی اجازت دے دی ہے۔ بتایا گیا ہے کہ اجازت ملنے کے بعد ہوم اکنامکس کالج گلبرگ میں فرسٹ ایئر کے لئے 200 نشستیں مختص کی ہیں۔ یہ بھی بتایا گیا ہے کہ تعلیمی بورڈ کے زیر اہتمام ہونے والے میٹرک کے سالانہ امتحانات کے نتائج کے بعد کالجوں میں داخلے کا سلسلہ شروع کردیا جائے گا۔