کراچی(این این آئی)جوڈیشل مجسٹریٹ ملیر نے پاکستان تحریک انصاف کے رہنما شہباز گِل کے متنازع بیان کے سلسلے میں درج کیے گئے مقدمے سے نجی ٹی وی کے نیوز ہیڈعماد یوسف کا نام خارج کرنے کی ہدایت کردی۔
جمعرات کوجوڈیشل مجسٹریٹ ملیر کی عدالت میں مقدمے کی سماعت کے دوران عماد یوسف کو عدالت میں پیش کیا گیا۔تفتیشی افسر نے عدالت سے جسمانی ریمانڈ کی استدعا کی جس کی عماد یوسف کے وکیل نعیم قریشی نے مخالفت کی۔نعیم قریشی نے موقف اختیار کیا کہ عماد یوسف کا نام مقدمے میں شامل کرنا بدنیتی ہے کیونکہ عماد یوسف کا پورے معاملے میں کوئی کردار نہیں تھا۔انہوں نے کہا کہ میمن گوٹھ تھانے میں درج ایف آئی آر کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ اسی متن کے ساتھ اسلام آباد میں بھی مقدمہ درج کیا گیا ہے لیکن ایک واقعے کی ایک سے زیادہ ایف آئی آر نہیں ہوسکتیں۔نعیم قریشی ایڈووکیٹ نے ضابطہ فوجداری کی دفعہ 63 کے تحت مقدمہ خارج کرنے کی استدعا کی جسے عدالت نے منظور کر لیا۔عدالت نے عماد یوسف کا نام مقدمے سے خارج کرنے کا حکم دیتے ہوئے ایک لاکھ روپے کے مچلکے جمع کرانے کا حکم دیا۔