اسلام آباد(آن لائن) ضمنی انتخابات کے نتائج اور پنجاب میں صوبائی حکومت کھونے کے بعد مسلم لیگ ن کو دوبارہ متحرک کرنے کیلئے پارٹی کی نائب صدر مریم نواز کو اہم ٹاسک مل گیا ہے، پارٹی قیادت کی تفصیلی مشاورت اور نواز شریف کی ہدایت پر مریم نواز کو مزید
متحرک اور فعال کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے ۔ اس سلسلے میں انھیں نائب صدارت کے ساتھ ساتھ مزیدذمہ داریاں دیئے جانے کا امکان ہے ۔ ذرائع کے مطابق مسلم لیگ ن نے دوبارہ سے بھرپور سیاسی سرگرمیاں شروع کرنے کا فیصلہ کیا ہے ، پارٹی قیادت کی تفصیلی مشاورت اور نواز شریف کی ہدایت پر مریم نواز کو مزید متحرک اور فعال کرنے اور نائب صدارت کے ساتھ ساتھ مزید اہم عہدہ دینے کا بھی فیصلہ کیا گیا ہے ۔ مریم نواز جاتی امرا کی بجائے ماڈل ٹائون سے پارٹی سرگرمیوں پر نظر رکھیں گی، مریم نواز ماڈل ٹاؤن پارٹی سیکرٹریٹ کو اپنی سیاسی سرگرمیوں کا مرکز بنائیں گی۔ پارٹی سیکرٹریٹ ماڈل ٹائون میں مریم نواز کا اپنا الگ دفتر ہو گا جس کے لئے پارٹی سیکرٹریٹ کے عقبی حصے میں جگہ مختص کی گئی ہے ، دفتر کی تزئین و آرائش کا کام جاری ہے،چند روز میں فرنیچر، کمپیوٹر، الیکٹرانکس اور دیگر اپلائنسز انسٹال کی جائیں گی، پارٹی ذرائع کا مزید کہنا ہے کہ مریم نواز روزانہ اپنے دفتر میں وقت دیا کرینگی اور پارٹی کی مضبوطی کے لئے بھرپور کام کرینگی۔ نواز شریف کی خصوصی ہدایت پر پارٹی کے زیادہ تر ونگز مریم نواز کو رپورٹ کیا کرینگے، آئندہ ماہ 11 اور 25 ستمبر کو ہونے والے قومی و صوبائی حلقوں کے ضمنی انتخابات کی حکمت عملی بھی مریم نواز ہی فائنل کرینگی۔