اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک) پاکستان مسلم لیگ (ق) کے سربراہ چوہدری شجاعت حسین اپنی جماعت سے تعلق رکھنے و الے پنجاب اسمبلی کے دس ارکان جن کی قیادت وزیراعلی پرویز الہی کررہے ہیں ان کے خلاف جماعتی نظم و ضبط کی خلاف ورزی پر کوئی تادیبی
کارروائی نہیں کرینگے اور نہ ہی ان کی رکنیت ختم کرانے کے لئے الیکشن کمیشن سے رجوع کیا جائے گا۔روزنامہ جنگ میں محمد صالح ظافر کی شائع خبر کے مطابق ق لیگ کے سیکریٹری جنرل طارق بشیر چیمہ نے گفتگو کرتے ہوئے بتایا ہے کہ چوہدری شجاعت حسین اختلاف رائے کی خلیج میں توسیع نہیں چاہتے وہ اسے پاٹنے کے خواہاں ہیں چوہدری پرویز الہی سمیت دس ارکان پنجاب اسمبلی نے جماعتی صدر کی ہدایات کے منافی اقدام کرکے انحراف کا ارتکاب کیا ہے اس سلسلے میں مسلم لیگ قاف کی قیادت ایسی کوئی کارروائی کا ارادہ نہیں رکھتی جس نوع کی حرکت کا ارتکاب چوہدری پرویز الہی کے ارد گرد بعض افراد نے کیا ہے۔ چوہدری شجاعت حسین کا خیال ہے کہ چوہدری پرویز الہی کو گمراہ کیا گیا ہے انہیں عمران خان سے کبھی فیض حاصل نہیں ہوسکتا۔یاد رہے کہ گزشتہ روز چوہدری شجاعت نے اہم پریس کانفرنس کی تھی جس میں انہوں نے موجودہ ملکی سیاسی صورتحال پر تفصیلی گفتگو کی تھی ۔