مسلم لیگ ق کا طارق بشیر چیمہ کو الیکشن کمیشن سے ڈی سیٹ کرانے کا بھی فیصلہ
اسلام آباد(آن لائن)پاکستان مسلم لیگ ق نے حکومتی اتحادی طارق بشیر چیمہ کو جماعت سے فارغ کرنے کے بعد الیکشن کمیشن آف پاکستان
سے ڈی سیٹ کرانے کا بھی فیصلہ کر لیا ہے ،وزیر اعلیٰ پنجاب نے اپنے دو ارکان کے خلاف سخت ترین ایکشن کا فیصلہ کر لیا۔
ذرائع سے معلوم ہوا ہے کہ وزیر اعلیٰ پنجاب چوہدری پرویز الہی کو مشورہ دیا گیا ہے کہ قومی اسمبلی کی پارلیمانی لیڈر
سے ان دو ارکان چوہدری سالک حسین اور طارق بشیر چیمہ کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے ،جس پر انہو ں نے رضا مندی ظاہر کر دی ہے ،
ذرائع کا کہنا ہے کہ اس حوالہ سے ابتدائی طور پر دو نوں ارکان کو نوٹس دیکر جواب طلب کیا جائے گا اس کے بعد باقاعدہ ریفرنس بھجوایا جائے گا،
اس حوالہ سے مونس الہی کو بتا دیا گیا ہے کیونکہ قومی اسمبلی میں مونس الہی ہی مسلم لیگ ق کی جانب سے پارلیمانی لیڈر ہیں
اور ان دو ارکا ن نے پارلیمانی لیڈر سے مشورہ کیے بغیر عمران خان کے خلاف ووٹ دیا تھا،اس حوالہ سے آئینی و قانونی ماہر
ایڈووکیٹ حشمت حبیب سے رابطہ کیا گیا تو انہوں نے بتایا کہ قومی اسمبلی میں مسلم لیگ ق کا پارلیمانی لیڈر اپنے ارکان کے
خلاف قانونی کارروائی کا حق رکھتا ہے اور کسی بھی وقت الیکشن کمیشن آف پاکستان کو ریفرنس بھیج سکتا ہے ۔