اسلام آباد(این این آئی)سابق آصف زرداری کورونا کا شکار ہوگئے۔وزیرخارجہ اورپاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے ٹوئٹ میں کہا کہ سابق صدر آصف زرداری کا کورونا ٹیسٹ مثبت آیا ہے۔بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ سابق صدر آصف زرداری
مکمل طورپر ویکسینیٹڈ ہیں۔انہوں نے کہاکہ آصف زرداری میں کورونا کی معمولی علامات پائی گئی ہیں اورانہوں نے خود کوقرنطینہ کرلیا ،بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ سابق صدر کی جلد صحت یابی کے لئے دعا گو ہیں۔دوسری جانب کورونا وائرس کی شدت میں مسلسل اضافہ، عالمی وبا نے ایک روز میں مزید 8 افراد کی جان لے لی، 761 نئے کیسز بھی رپورٹ ہوئے گلگت،مظفرآباد،صوابی،پشاور، اور لاہور میں مثبت کیسز کی شرح 10 فیصد سے تجاوز کر گئی۔قومی ادارہ صحت کے مطابق گزشتہ 24گھنٹے میں کورونا کے 20ہزار 843 ٹیسٹ کئے گئے، جن میں سے 761 افراد میں وائرس کی تشخیص ہوئی، ملک بھر میں کورونا سے مزید 8 افراد جاں بحق ہو گئے ، 170 مریضوں کی حالت تشویش ناک ہے۔این آئی ایچ نے بتایا کہ ملک میں کورونا مثبت کیسز کی شرح 3اعشاریہ 65فیصد تک پہنچ گئی، سب سے زیادہ شرح گلگت میں 19 اعشاریہ 64 فیصد، مظفر آباد 13 اعشاریہ 73 ،صوابی 12 اعشاریہ 50 اورپشاور میں شرح 12 اعشاریہ 47 فیصد ریکارڈ کی گئی، لاہور میں مثبت کیسز کی شرح 11 اعشاریہ 16 فیصد،اسلام آباد 3اعشاریہ 70 ،کراچی 3 اعشاریہ 20، مردان 2 اعشاریہ 43 ،ملتان 2فیصد اور حیدر آباد میں یہ شرح 1اعشاریہ 75 فیصد رہی۔ سرگودھا میں 1اعشاریہ 32 اورکوئٹہ میں کورونا مثبت کیسز کی شرح 1اعشاریہ 18 فیصد ریکارڈ ہوئی۔