صدر رات 2 بجے پرویز الٰہی سے حلف لینے کیلئے تندرست پائے گئے،حافظ حمد اللہ
اسلام آباد (آن لائن) ترجمان پی ڈی ایم حافظ حمد اللہ نے کہا ہے کہ عجیب اتفاق ہے صدر مملکت رات 2 بجے پرویز الٰہی سے
حلف لینے کیلئے تندرست پائے گئے۔ ماضی کی طرح صدر عارف علوی کو نہ کمر درد ہوا اور نہ ہی دانت دردہوا،
یہ شخص ریاست کا نہیں بنی گالہ کا نمائندہ ہے۔ جاری بیان میں انہوں نے سپریم کورٹ کے فیصلے پر ردعمل میں سوال اٹھاتے ہوئے کہا کہ
چھٹیوں میں جوڈیشل کونسل کا اجلاس طلب کیا جاسکتا ہے تو فل کورٹ کیوں نہیں۔ فیصلے سے انتشار،تصادم،
ٹکراو اور عدالتوں پر عدم اعتماد میں اضافہ ہوا۔ فل کورٹ کا مطالبہ آئینی اور قانونی مطالبہ تھا،فیصلے سے شدید تنازعات اور ابہام پیدا ہوئے۔
انکا کہنا تھا پی ڈی ایم عدالتوں اور قاضی صاحبان کو غیر متنازعہ دکھانا چاہتی ہے،سوال یہ ہے آئین میں یہ کہاں لکھا ہے کہ
منحرف ارکان کا ووٹ شمار نہیں ہوگا،عوام میں تاثر ہے کہ آئین موم کی ناک بن چکی ہے،جدھر چاہو موڑ دو۔
چاہو تو نظریہ ضرورت نکالو اور چاہو تو نظریہ سہولت نکال لو۔ اگر سپریم کورٹ کسی بھی مارشل لا کو غیر آئینی ڈکلئیر کر دیتی تو حالات نا گفتہ بہ نہ ہوتے۔