اسلام آباد (این این آئی) سابق صدر آصف علی زرداری دبئی چلے گئے ۔ذرائع کے مطابق آصف علی زرداری غیر ملکی ائیرلائن سے دبئی روانہ ہوئے۔البتہ سابق صدر کے دبئی جانے کی وجہ سامنے نہیں آئی۔دوسری جانب پاکستان مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز نے
پی ٹی آئی چیئرمین عمران خان پر تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ عمران خان کا جو ساتھ نہ دے تو وہ میر جعفر میر صادق اور جانور ہو جاتا ہے۔اتحادی جماعتوں کی پریس کانفرنس کے دوران صحافیوں کے سوال جواب کے دوران قبل از وقت انتخابات کے حوالے سے ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہاکہ یہ حکومت کوئی معنی نہیں رکھتی، یہ لولی لنگڑی حکومت کا کوئی فائدہ نہیں تاہم یہ ایسی بھی چیز نہیں کہ اسے عمران خان کو پلیٹ میں رکھ کر دے دیا جائے۔عمران خان پر تنقید کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ وہ زور، دھونس اور زبردستی سے آئین میں تبدیلی کر کے فیصلے اپنے حق میں لینا چاہتے ہیں اور اگر کسی بھی غیر آئینی اقدام میں جو ان کا ساتھ نہیں دیتا تو اسے میر جعفر اور میر صادق قرار دیا جاتا ہے۔علاوہ ازیں اتحادی حکومت کے اتحاد میں شامل عوامی نیشنل پارٹی کے رہنما ایمل والی خان نے کہا ہے کہ عمران خان ملک میں انتشار پھیلانا چاہ رہے ہیں اور ان کا راستہ روکنا ہو گا۔ پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوںنے کہا کہ عدالتی فیصلوں میں اس طرح کی آئینی تشریح کے بعد سیاسی پارٹیوں میں پارٹی لیڈر کی ضرورت نہیں ہے۔