افغاٖنستان کے کئی صوبوں میں موسلادھار بارش اور سیلاب نے تباہی مچادی
کابل(این این آئی)افغاٖنستان کے کئی صوبوں میں موسلادھار بارش اور سیلاب نے تباہی مچادی جہاں دو دنوں سے جاری
بارش کے باعث 13 افغان شہری جاں بحق اور 20 دیگر زخمی ہوگئے جبکہ درجنوں مکانات منہدم اور سینکڑوں ایکڑاراضی کو شدید نقصان پہنچا۔
سیلاب کے باعث کئی صوبوں کا آپس میں مواصلاتی رابطہ منقطع ہو گیا ہے اور کئی مقامات پر سڑکیں اور پل بہہ گئے ہیں۔
افغان وزارت برائے قدرتی آفات کے ترجمان مولوی محمد نسیم حقانی کے مطابق افغانستان کے دس اضلاع میں سیلاب کے
باعث بہت زیادہ جانی و مالی نقصانات ہوئے ہیں۔ترجمان کے مطابق افغان صوبوں ننگرہار‘ نورستان‘ پکتیا‘ پکتیکا‘ وردک اور پروان
میں بہت زیادہ نقصان ہوا ہے جہاں ابتدائی اطلاعات کے مطابق 13 افراد جاں بحق اور 20 زخمی ہوگئے ہیں
جبکہ کئی سڑکیں سیلابی زیلے کی زدمیں بہہ جانے سے مواصلاتی نظام درہم برہم ہوگیا ہے۔ ترجمان کے مطابق ان شدید متاثرہ صوبوں میں ٹیمیں روانہ کردی گئی ہیں
جومزید نقصانات کا جائزہ لیں گی۔سیلاب کے نتیجے میں دارالحکومت کابل کو جلا ل آباد سے ملانے والی شاہراہ پر اہم پل بھی تباہ ہو گیا ہے جس کی وجہ سے آمدو رفت معطل ہے۔