وزیر اعلیٰ پنجاب کا انتخاب چوہدری پرویز الٰہی متحرک ، ن لیگی صفوں میں ہلچل مچ گئی

21  جولائی  2022

لاہور (آئی این پی ) اسپیکر پنجاب اسمبلی چوہدری پرویز الہی نے کہا ہے کہ پنجاب اسمبلی کا ایوان بھی وزیر اعلی کے لئے عمران خان پر اعتماد کرے گا، عوامی مینڈنٹ کو نقب لگانے کی کوئی کوشش برداشت نہیں کی جائے گی، ارکان پنجاب اسمبلی کی اکثریت ہمارے ساتھ ہے، وفاق اور پنجاب حکومت کے انتظامی ہتھکنڈے قابلِ مذمت ہیں، تفصیلات کے مطابق پنجاب کی وزارت اعلی کے انتخاب کے معاملے پر تحریک انصاف کے وائس چیئرمین شاہ

محمود قریشی نے اسپیکر چوہدری پرویز الہی سے ملاقات کی ہے، ملاقات میں مونس الہی، حسین الہی راجہ بشارت اور زین قریشی بھی شریک ہوئے۔ ملاقات میں وزیر اعلی پنجاب کے الیکشن ڈے کی حکمت عملی پر مشاورت کی گئی، ملاقات میں حکومت کے انتظامی ہتھکنڈوں کا بھی جائزہ لیا گیا۔ چوہدری پرویز الہی نے کہا کہ عوامی مینڈنٹ کو نقب لگانے کی کوئی کوشش برداشت نہیں کی جائے گی، ضمنی انتخاب میں عوام نے عمران خان پر اعتماد کیا، پنجاب اسمبلی کا ایوان بھی وزیر اعلی کے لئے عمران خان پر اعتماد کرے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ ارکان پنجاب اسمبلی کی اکثریت ہمارے ساتھ ہے، وفاق اور پنجاب حکومت کے انتظامی ہتھکنڈے قابلِ مذمت ہیں، مختصر عرصے میں شہباز شریف کے زیرِ سایہ حمزہ شہباز شریف نے جو کچھ کیا تاریخ میں سیاہ حروف سے لکھا جائے گا۔ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ پنجاب میں پی ٹی آئی کے نامزد امیدوار چوہدری پرویز الہی وزیر اعلی ہوں گے، پنجاب اسمبلی میں پی ٹی آئی ، مسلم لیگ(ق) اکثریت حاصل کرچکی ہے، ضمنی انتخاب میں عوام نے منحرف ارکان کو نشانِ عبرت بنا دیا، عمران خان کے بیانیہ کی قوم نے مکمل پذیرائی کی۔