اسلام آباد (این این آئی، آن لائن)پاکستان تحریک انصاف کے رہنما فواد چوہدری نے کہا ہے کہ شہباز شریف کو اب دباؤ میں لانا کوئی بڑا مسئلہ نہیں رہا اور انہیں کب فارغ کرنا ہے یہ عمران خان کی خواہش پر ہے۔نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے فواد چوہدری نے کہا کہ تمام سیاسی
جماعتوں کو پختگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے سیاسی بحران کو ختم کرنا ہوگا۔انہوں نے کہا کہ الیکشن کے بغیر مسئلہ حل نہیں ہوگا، انتخابات کرانا ہوں گے، نواز شریف نے تو کہا تھا کہ ہمیں الیکشن میں جانا چاہیے، نواز شریف سے اختلاف اپنی جگہ لیکن ان سے بڑے سیاست دان ہمارے ہاں کم ہیں۔پی ٹی آئی رہنما کا کہنا تھا کہ الیکشن کے بغیر مسئلہ حل نہیں ہوگا، انتخابات کروانا ہوں گے، پرویز الہیٰ کا الیکشن ہوجائے گا لیکن سیاسی استحکام نہیں آئے گا۔فواد چوہدری نے مزید کہا کہ وفاقی حکومت وینٹی لیٹر پر ہے ،شہباز شریف اب کہاں کے وزیراعظم رہ گئے ہیں؟ اگلے الیکشن میں کیسے جانا ہے یہ بڑی جماعتوں کو فیصلہ کرنا ہے۔ دوسری جانب پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما اور سینیٹر مصطفی نواز کھوکھر نے ضمنی انتخابات میں ن لیگ کی شکت پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ ضمنی الیکشن سے واضح ہو گیا کہ اتحادی حکومت عوام کی تائید کھو چکی ہے۔ایک بیان میں سینیٹر مصطفیٰ نواز کھوکھر نے کہا کہ پہلے دن سے مؤقف تھا کہ حکومت کرنے کے بجائے فوراً الیکشن کرا دینے چاہئیں، یہ بھی کہا آئی ایم ایف سے ڈیل فریش مینڈیٹ والی حکومت کو ہی کرنی چاہیے۔