مری، اسلام آباد (این این آئی)مری کے سٹی ٹریفک پولیس آفیسر (سی ٹی او) نوید ارشاد نے کہا ہے کہ ضلعی انتظامیہ کے احکامات کے مطابق شہر میں 8 ہزار سے زائد گاڑیاں داخل نہیں ہونے دیں گے۔ایک بیان میں سی ٹی او نوید ارشاد نے کہا کہ عیدالاضحی کی تعطیلات کے دوران مری میں ٹریفک پولیس کے 360 سے زائد اہلکار تعینات رہیں گے۔انہوں نے کہا کہ مری میں ہنگامی صورتحال میں
بروقت مدد کے لیے اضافی لفٹر اور کرین مہیا کی گئی ہے۔سی ٹی او کے مطابق مری کے تمام داخلی اور اندرونی راستوں پر کائونٹنگ و چیکنگ پکٹس بھی قائم کی جائیں گی۔علاوہ ازیں این سی او سی نے عیدالاضحی پہاڑی علاقوں میں سیاحت کیلئے جانے والے شہریوں کے لئے ہدایات جاری کر دیں جس کے مطابق اپنے سیاحتی سفر کے دوران کرونا کی حفاظتی تدابیر پر سختی سے عمل پیرا رہیں ۔ترجمان وزارت صحت کے مطابق کرونا وائرس سے بچاؤ کیلئے مربوط حکمت عملی کے تحت اقدامات کیے جارہے ہیں ۔ عبد القادر پٹیل نے کہاکہ کرونا وائرس سے عوام کو تحفظ دینے کیلئے تمام تر اقدامات کو یقینی بنارھے ہیں ،اپنے سیاحتی سفر کے دوران کرونا کی حفاظتی تدابیر پر سختی سے عمل پیرا رہیں ۔انہوں نے کہاکہ کورونا وائرس کے پھیلاو کا خطرہ ہجوم والی جگہوں پر ذیادہ ہو جاتا ہے ،ما سک اور ہینڈ سینیٹائزرکا استعمال یقینی بنائیں ۔ عبد القادر پٹیل نے کہاکہ سماجی فاصلہ برقرار رکھیں اور اِس بات کو بھی یقینی بنائیں کہ سیاحت کیلئے جانے والے تمام افراد مکمل طور پر ویکسینیٹڈ ہوں ۔
عبد القادر پٹیل نے کہاکہ موجودہ حکومت صحت کے شعبے میں بہتری کیلئے عملی اقدامات کو یقینی بنا رہی ہے ،جن افراد نے اپنی ویکسنیشن مکمل کر لی ہے وہ بوسٹر ڈوز بھی لازمی لگوا ئیں ۔میجر جنرل عامر اکرام کے مطابق اپنا سفر شروع کرنے سے پہلے موسمی حالات، بالخصوص بارشوں ، ژالہ باری ، تیز جکڑدار ہواؤں اور دیگر صحت عامہ کے حالات کے بارے میں مستند معلومات کا حصول یقینی بنائیں۔
انہوں نے کہاکہ سیاحتی مقامات پر اچانک لوگوں کا ہجوم بڑھ جانے سے وہاں کے ہوٹلز اور ریسٹورینٹس وغیرہ میں قیام و طعام کی سہولتیں ناکافی ہوجاتی ہیں، اِس لئے اپنا سفر شروع کرنے سے پہلے اِس بات کی مکمل تسلی کرلیں کہ جہاں آپ سیاحت کی غرض سے جارہے ہیں، وہاں رہنے کی مناسب جگہ اورکھانے پینے کی اشیاء وافر مقدار میں اور مناسب داموں پر دستیاب ہیں۔ انہوں نے کہاکہ طغیانی اور لینڈسلائیڈنگ والے مقامات سے غیر محتاط طریقے سے گزرنے سے مکمل احتراز برتیں اور راستے کلیئر ہونے کے بارے میں متعلقہ سرکاری حکام/ اداروں کی ہدایات پرسختی سے عمل پیرا ہوں۔