اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک/آن لائن) پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائنز (پی آئی اے) کے انجینئرز نے کراچی ایئرپورٹ پر ہنگامی لینڈنگ کرنے والے بھارتی طیارے کا معائنہ کیا ہے۔
ذرائع کے مطابق انجینئرز نے طیارے کو اگلی پرواز کے لیے ان فٹ قرار دیدیا ہے۔دہلی سے دبئی جانیوالے بھارتی طیارے نے کراچی ایئرپورٹ پر ایمرجنسی لینڈنگ کر لی۔
بھارتی مسافر طیارے بوئنگ737میں فنی خرابی پیدا ہونے پرکپتان نے کنٹرول ٹاور سے رابطہ کیا۔سول ایوی ایشن کے مطابق طیارے کے انجن سے آئل لیک ہونے کی وجہ سے
ہنگامی لینڈنگ کی درخواست کی گئی تھی۔سول ایوی ایشن ذرائع کے مطابق پرواز ایس جی 11 میں پاکستان کی فضائی حدود میں فنی خرابی پیدا ہوئی ہے
جس پر بھارتی طیارے کے پائلٹ کے رابطہ کرنے پر انسانی ہمدردی کی بنیاد پر بھارتی طیارے کو لینڈنگ کی اجازت دی گئی۔
ایوی ایشن ذرائع کے مطابق بھارتی بوئنگ 737 طیارہ کراچی ایئر پورٹ پر باحفاظت لینڈ کر گیا، ۔اعلیٰ روایات کو برقرار رکھتے ہوئے
مسافروں کی مہمان نواز کی گئی، طیارے میں 100 سے زائد مسافرسوار تھے تاہم مسافروں کو جہاز سے اترنے کی اجازت نہیں دی گئی،بھارتی اسپائس جیٹ مسافر طیارہ نئی دہلی سے دبئی جارہا تھا ۔