عیدالاضحیٰ کے موقع پر کاروباری اوقات کار تبدیل، نیا نوٹیفکیشن جاری
کراچی(این این آئی)پنجاب کی طرح سندھ حکومت نے بھی صوبہ بھر میں کاروباری اوقات محدود کرنے کا حکم نامہ 10 جولائی
تک معطل کر دیاہے۔محکمہ داخلہ سندھ نے عید الاضحی کی موقع پر یہ فیصلہ کیا، عید کے پہلے روز تک دکانیں، مارکیٹس،
ہوٹلز، شادی ہالز پر کاروبار جلد بند کرنے کی پابندی ختم کر دی گئی۔محکمہ داخلہ سندھ کی جانب سے جاری ہونے والے نوٹیفکیشن
کے مطابق پابندیوں کا حکم نامہ 11 جولائی سے دوبارہ بحال ہوگا، پابندیوں میں نرمی شہریوں کو عید الاضحی کے موقع پر
سہولت دینے کے لیے کی گئی ہے۔ عیدالاضحی کے موقع پر وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کی ضلعی انتظامیہ نے دکانوں کی
بندش سے متعلق احکامات 10 جولائی تک معطل کر دئیے، جس کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا گیا ہے۔نوٹیفکیشن کے مطابق
دکانوں کی بندش کے احکامات معطل کرنے کا فیصلہ عوام کے مفاد میں کیا گیا ہے۔11 جولائی سے دکانوں کی بندش کے
اوقات کار پرانے نوٹیفکیشن کے مطابق ہوں گے۔نوٹیفکیشن میں کہا گیا کہ11 جولائی سے احکامات پر عمل درآمد نہ کرنے والوں کے خلاف ایکشن لیا جائیگا۔
خیال رہے کہ وزیراعلیٰ پنجاب حمزہ شہباز کی جانب سے جاری ایک بیان میں مارکیٹوں اور بازاروں کو رات 9 بجے بندکرنیکی پابندی 9 جولائی تک ختم کرنیکا اعلان کیا گیا تھا۔