مستقل حاضری سے استثنیٰ ، تحریری حکم جاری
لاہور( این این آئی)احتساب عدالت نے شوگر ملز کیس میں وزیراعظم شہبازشریف کی مستقل حاضری سے استثنیٰ کا تحریری حکم نامہ جاری کردیا۔
لاہور کی احتساب عدالت نے 20 جون کو رمضان شوگر ملز کیس میں وزیراعظم شہبازشریف کو حاضری سے استثنیٰ کی اجازت دی تھی۔
تحریری فیصلے میں کہا گیا ہے کہ شوگر ملز کیس میں شہبازشریف2021 سے باقاعدگی سے عدالت میں پیش ہوتے رہے لیکن اب وہ وزیراعظم بن چکے ہیں اور انہوں نے اپنی آئینی ذمہ داریاں ادا کرنی ہیں۔
فیصلے میں تحریر ہے کہ شہبازشریف کا ہر پیشی پرعدالت میں پیش ہونا مشکل ہے، ان کی غیرموجودگی میں ٹرائل میں کوئی رکاوٹ نہیں ہوگی۔
عدالتی فیصلے میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ تمام حقائق کے پیش نظر شہبازشریف کی مستقل حاضری معافی کی درخواست منظورکی جاتی ہے، تاہم جب عدالت کو شہبازشریف کا پیش ہونا درکارہوگا وہ پیشی کے پابند ہوں گے۔
شہبازشریف کی حاضری معافی کے بعد محمد نوازایڈووکیٹ کو حاضری کے لئے شہبازشریف کا نمائندہ مقرر کیا گیا ہے۔