لاہور (آن لائن) لاہور سمیت پنجاب بھر کے سرکاری سکولوں میں گزشتہ 4 سال سے اساتذہ کی بھرتیاں نہ ہونے کے باعث سکولوں میں اساتذہ کی قلت پیدا ہوگئی ہے۔
جس کے باعث ان سکولوں میں زیر تعلیم طلباء و طالبات کا پڑھائی کا نقصان عروج پر پہنچ گیا ہے۔ بتایا گیا ہے کہ سرکاری سکولوں میں اساتذہ کی قلت پوری کرنے کے لئے پہلے مرحلے میں 15 ہزار اساتذہ کی بھرتی کی جائے گی۔ واضح رہے کہ سابقہ دور حکومت نے 30 ہزار اساتذہ بھرتی کرنے کا اعلان کیا تھا۔ لیکن 7 سالہ کا عرصہ گزر جانے کے باوجود اساتذہ کی بھرتی نہ کی جا سکی۔ دوسری جانب ورکرز ویلفیئر بورڈ پنجاب نے ادارے کے سکولوں میں اساتذہ کی کمی کو پورا کرنے کے لئے انٹرن شپ بنیادوں پر سکول اساتذہ بھرتی کرنے کا فیصلہ کیا ہے جس کے لئے محکمہ ویلفیئر بورڈ نے امیدوار کی تعلیمی قابلیت ایم ایس سی، بی ایس سی اور ایم اے فرسٹ ڈویژن مقرر کی ہے۔ جنہیں ماہانہ 35 سے 45 ہزار روپے تنخواہ کی ادائیگی کی جائے گی جبکہ اساتذہ کی بھرتی کے لئے ورکر ویلفیئر بورڈ نے 4 جولائی تک درخواستیں طلب کرلی ہیں۔