مری(این این آئی)وزیراعظم شہباز شریف نے ہدایت کی ہے کہ مری ایکسپریس وے کی مرمت کے لئے ضروری اقدامات کئے جائیں، ہر 15 کلومیٹر پر بہترین معیار کے ریسٹ ایریاز بنائے جائیں، غیر قانونی تعمیرات کو روکا جائے، نیو مری کیبل کار اور چیئر لفٹ کو بین الاقوامی
معیار کے مطابق اپ گریڈ کرنے کے لئے انٹرنیشنل بڈنگ کرائی جائے، تعمیراتی منصوبوں سے مری کے قدرتی حسن اور لینڈ سکیپ کو نقصان نہیں پہنچنا چاہیے۔ جمعرات کو یہاں مری کے دورے کے موقع پر وزیراعظم کو این ایچ اے حکام نے بریفنگ دی۔ وزیراعظم نے مری ایکسپریس وے کے لئے ضروری اقدامات کرنے کی ہدایت کی اور حکم دیا کہ ہزارہ موٹروے کے معیاری کام کو مدنظر رکھتے ہوئے مری ایکسپریس وے کی مرمت کی جائے، پہلے ہی بہت پیسہ ضائع ہو چکا ہے، اب ایک پیسہ بھی ضائع نہیں ہونا چاہیے اور ہزارہ موٹروے پر کام کرنے والی کمپنی سے مشاورت اور رہنمائی حاصل کر کے معیاری کام کیا جائے۔ وزیراعظم نے ایکسپریس وے پر جگہ جگہ غیر قانونی تعمیرات روکنے اور ہر 15 کلومیٹر کے بعد مناسب جگہ پر معیاری ریسٹ ایریاز اور سپاٹس بنانے کی ہدایت کی اور کہا کہ سیاحوں کو بہترین سہولیات فراہم کی جائیں۔ وزیراعظم نے مری کے لئے پانی کی ضروریات پوری کرنے کا منصوبہ مکمل کرنے اور تعلیمی سہولیات بہتر بنانے کی بھی ہدایت کی۔ انہوں نے کہا کہ نیو مری کی تعمیر اس انداز میں کی جائے کہ علاقہ کا قدرتی حسن متاثر نہ ہو، کیبل کار اور چیئر لفٹ کی سہولت بین الاقوامی معیار کے مطابق بنانے کے لئے بین الاقوامی بڈنگ کرائی جائے۔ اس موقع پر وزیر مواصلات مولانا اسعد محمود، وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب اور سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی بھی موجود تھے۔