کراچی(آئی این پی، این این آئی )پولیس نے رکن قومی اسمبلی ڈاکٹر عامر لیاقت کا گھر تفتیش مکمل ہونے تک سیل رکھنے کا فیصلہ کرلیا اور کہا گھر عامر لیاقت کے اصل وارث کے حوالے کرینگے۔ تفصیلات کے مطابق رکن قومی اسمبلی ڈاکٹر عامرلیاقت حسین کا گھر سیل کرنے کے
معاملے پر پولیس حکام نے کہا ہے کہ پولیس تفتیش مکمل ہونے تک گھرسیل رہیگا، کرائم سین کی فارنزک رپورٹ کاانتظارہے ، فائنل رپورٹ آنے کے بعدہی گھر کھولا جائے گا۔حکام نے بتایا کہ ہمارے پاس اب تک گھر یا جائیداد کا دعویدار نہیں آیا، گھر عامر لیاقت کے اصل وارث کے حوالے کریں گے۔پولیس کا کہنا تھا کہ نادرا سے مرحوم ڈاکٹر عامر لیاقت کا مکمل ڈیٹا حاصل کر لیا گیا ہے ، اب تک اصل وارثوں میں بیٹا احمد اور بیٹی دعا سامنے آئی ہے۔حکام نے کہا کہ نادرا ریکارڈ میں پہلی بیوی بشریٰ کا طلاق نامہ اور دوسری بیوی طوبی کا طلاق نامہ ریکارڈ پر ہے جبکہ تیسری بیوی دانیہ کا طلاق نامہ رجسٹرڈ نہیں۔دوسری جانب الیکشن ٹریبونل نے عامر لیاقت حسین کے خلاف ڈاکٹر فاروق ستار کی درخواست رکن قومی اسمبلی کے انتقال کے باعث خارج کردی ۔سندھ ہائیکورٹ الیکشن ٹریبونل میں این اے 245 میں دھاندلی سے متعلق عامر لیاقت حسین کے خلاف ڈاکٹر فاروق ستار کی درخواست پر سماعت ہوئی۔ وکیل نے موقف دیا کہ میرے کلائنٹ عامر لیاقت حسین انتقال کر گئے، اب اسکی اہمیت نہیں۔ ڈاکٹر فاروق ستار اور ان کے وکیل پیش نہیں ہوئے۔ الیکشن ٹریبونل نے عامر لیاقت حسین کے خلاف ڈاکٹر فاروق ستار کی درخواست خارج کردی۔ دائر درخواست میں موقف اپنایا گیا تھا کہ عام انتخابات میں عامر لیاقت حسین کو دھاندلی کے ذریعے کامیاب کرایا گیا۔ دھاندلی کیخلاف درخواست ڈاکٹر فاروق ستار نے دائر کی تھی۔