لاہور(این این آئی)ملک میں ادویات کی رجسٹریشن اور ان کی قیمتوں کے تعین سے متعلق ریگولیٹری ادارے ڈریپ نے 3 ادویات کی رجسٹریشن معطل کردی۔ڈرگ ریگولیٹری اتھارٹی آف پاکستان کے ترجمان کے مطابق ادارے کے رجسٹریشن بورڈ نے حفاظت، افادیت اور معیار پر
پورا نہ اترنے پر تین ادویات کی رجسٹریشن معطل کردی ہے۔ان ادویات میں درد کش دوا ڈائیکلو فینک پوٹاشیم کی 75 اور 100 ملی گرام کی گولیاں، معدے کی تکلیف کے لئے استعمال ہونے والا فیموٹیڈائن 10 ملی گرام فی 5 ملی لیٹر اور 40 ملی گرام فی 5 ملی لیٹر شربت اور پیراسیٹامول، تھائیراڈازین اور کیفین کے اشتراک سے بننے والی دوا شامل ہے۔ڈریپ نے معالجین، مریضوں اور ان کے تیمارداروں کو ہدایت کی ہے کہ یہ 3 ادویات حفاظت، افادیت اور معیار کے ضابطوں پر پورا نہیں اترتیں۔ ان ادویات کی رجسٹریشن کی معطلی کا فیصلہ مینوفیکچررز کا موقف سننے اور ادویات کے استعمال سے ہونے والے فوائد اور نقصانات کے نتائج پر تفصیلی غور و غوض کے بعد کیا گیا ہے۔ ڈرگ ریگولیٹری اتھارٹی آف پاکستان کے ترجمان کے مطابق ادارے کے رجسٹریشن بورڈ نے حفاظت، افادیت اور معیار پر پورا نہ اترنے پر تین ادویات کی رجسٹریشن معطل کردی ہے۔ ماہرین پر مشتمل ڈریپ کے رجسٹریشن بورڈ نے یہ فیصلہ مختلف ممالک کے ریگولیٹری اداروں کی رپورٹ کی روشنی میں کیا ہے، ان اداروں میں امریکہ کی یونائٹڈ اسٹیٹ فوڈ اینڈ ڈرگ اتھارٹی، برطانیہ کی میڈیسن اینڈ ہیلتھ پروڈکٹ ریگولیٹری اتھارٹی اور سوئٹزرلینڈ کی سوئس میڈک شامل ہیں۔