برسلز(این این آئی) اٹلی اور یونان سمیت دیگر یورپی ممالک میں مقیم اوورسیز پاکستانیوں کی جانب سے جاری مالی سال کے پہلے 10ماہ میں ریکارڈ ترسیلات زر بھیجی گئی ہیں۔تفصیلات کے مطابق یورپی ممالک میں مقیم پاکستانیوں نے مالی سال کے پہلے 10ماہ جولائی
تا اپریل کے دوران 2ارب 80کروڑ ڈالر سے زائد کا زرمبادلہ پاکستان بھیجا ہے، جو کہ گزشتہ مالی سال کی اسی مدت کے مقابلے میں 27.1فیصد زیادہ ہے۔ گزشتہ مالی سال کی اسی مدت میں یورپ میں کام کرنے والے پاکستانیوں کی جانب سے 2ارب 20 کروڑ ڈالر سے زائد کا زرمبادلہ ملک ارسال کیا تھا۔یورپی یونین میں سب سے بڑی پاکستانی کمیونٹی اٹلی میں آباد ہے، اور اس کا اثر ترسیلات زر میں بھی نظر آتا ہے، اٹلی میں مقیم پاکستانیوں نے مالی سال کے پہلے دس ماہ میں 71کروڑ 10لاکھ ڈالر سے زائد کا زرمبادلہ پاکستان بھیجا ہے جو کہ گزشتہ مالی سال کی اسی مدت کے مقابلے میں 47فیصد زیادہ ہے۔ گزشتہ مالی سال کی اسی مدت میں اٹلی میں کام کرنے والے پاکستانیوں نے 295.5ملین ڈالر کا زرمبادلہ ملک ارسال کیا تھا۔اعدادوشمار کے مطابق دوسرے نمبر سب سے زیادہ اضافہ یونان میں مقیم پاکستانیوں کی جانب سے ترسیلات زر میں دیکھا گیا، یونان میں مقیم پاکستانیوں کی جانب سے پہلے دس ماہ میں بھیجی گئی ترسیلات زر میں 41فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے، مالی سال کے پہلے دس ماہ میں 30کروڑ ڈالر سے زائد کا زرمبادلہ پاکستان بھیجا ہے، گزشتہ مالی سال کی اسی مدت میں 215ملین ڈالر سے زائد کا زرمبادلہ پاکستان بھیجا تھا۔تیسرے نمبر پر جولائی تا اپریل 2022کی مدت میں ہالینڈ میں کام کرنے والے پاکستانیوں نے 50.2ملین ڈالر کا زرمبادلہ ملک ارسال کیا
جو گزشتہ مالی سال کی اسی مدت کے مقابلہ میں 30.4فیصد زیادہ ہے، گزشتہ مالی سال کی اسی مدت میں ہالینڈمیں کام کرنے والے پاکستانیوں نے 35.8ملین ڈالر کا زرمبادلہ ملک ارسال کیا تھا۔ اپریل میں ہالینڈ سے ترسیلات زر کا حجم 6.1ملین ڈالر ریکارڈ کیا گیا جو گزشتہ سال اپریل میں 4.8ملین ڈالر تھا۔اعدادوشمار کے مطابق چوتھے نمبر پر سب سے زیادہ ترسیلات اسپین میں مقیم پاکستانیوں نے بھیجا ہے، اسپین میں مقیم پاکستانیوں نے رواں مالی سال کے پہلے 10ماہ میں 42کروڑ ڈالر سے زائد کا زرمبادلہ پاکستان بھیجا ہے، جو کہ گزشتہ مالی سال کی اسی مدت کے مقابلے میں 30.1فیصد زیادہ ہے۔