اسلام آباد( این این آئی) وزیر اعظم شہباز شریف نے قوم سے 24منٹ خطاب کیا ۔وزیر اعظم شہباز شریف نے 10بجکر58منٹ پر سرکاری ٹیلی وژن پر قوم سے خطاب کا آغاز کر کے 11بجکر 22منٹ پر اختتام کیا ۔
وزیر اعظم شہباز شریف کے قوم سے کئے گئے خطاب سے قبل کی گئی تلاوت کلام پاک کا ترجمہ :۔اورسب مل کر اللہ کی رسی کو مضبوطی سے پکڑے رہنا، اور متفرق نہ ہونا،اورخدا کی اس مہربانی کو یاد کرو جب تم ایک دوسرے کے دشمن تھے، اور اس نے تمہارے دلوںمیں الفت ڈال دی ،تو تم اس کی مہربانی سے بھائی بھائی بن گئے، اور تم آگ کے گڑھے کے کنارے تک پہنچ چکے تھے،اورخدانے تمہیں اس سے بچا لیا ،اس طرح خدا تم کواپنی آیتیں کھول کھول کر سناتا ہے تاکہ تم ہدایت پائو، سچ کہا رب ذوالجلال نے جو بڑی عظمت والا ہے۔وزیر اعظم شہبازشریف نے قوم سے خطاب کرتے ہوئے بتایا کہ تحریک انصاف کی حکومت نے اپنے دورمیں 20ہزار ارب روپے کا قرضہ لیا ۔ یہ قرض 1947سے 2018کے 71سال میں آنے والی تمام حکومتوں کی جانب سے لئے جانے والے مجموعی قرض کا 80فیصد ہے ۔