اسلام آباد ( آن لائن) نئے چیئرمین نیب کی تقرری کے لئے حکومت اور اپوزیشن لیڈر کی اتحادی جماعتوں سے مشاورت کا سلسلہ جاری ہے ،جسٹس ریٹائرڈ جسٹس مقبول باقر کا نام فیورٹ طور پر سامنے آیا ہے ،میڈیا رپورٹ کے مطابق چیئرمین نیب کی تقرری کے لئے حکومت اور اتحادیوں میں مشاورت جاری ہے ، جسٹس ریٹائرڈ مقبول باقر کا نام حکومتی فہرست میں سر فہرست ہے۔
تمام حکومتی جماعتیں جسٹس ریٹائرڈ مقبول باقر کے نام پر متفق ہیں۔ رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ گزشتہ روز جسٹس مقبول باقر کا نام آصف زرداری اور شہباز شریف ملاقات میں بھی زیر غور آیا اور دونوں رہنما مقبول باقر کے نام پر اتفاق کیا ہے ، حکومت کو یقین ہے کہ لیڈر آف دی اپوزیشن راجہ ریاض کو بھی جسٹس ریٹائرڈ مقبول باقر کے نام پر کوئی اعتراض نہیں ہوگا۔گزشتہ روز وزیر اعظم شہباز شریف اور اپوزیشن لیڈر راجہ ریاض کے درمیان ملاقات میں نئے چیئرمین کیلئے کسی ریٹائرڈ جج کے بجائے ریٹائرڈ بیورو کریٹ کوچیئرمین نیب لگانے کا فیصلہ ہوا تھا اور فواد حسن فواد، نیب قمر الزماں اور بشیر میمن کے نام پر زیر غور ہے تاہم ان ناموں پر مختلف حکومتی اتحادی پارٹیوں کی جانب سے اختلافات سامنے آئے ہیں،حکومتی اتحادی جماعتوں نے دیگر مختلف ناموں پر مشاورت کی جس میں جسٹس (ر) مقبول باقر کا نام فیورٹ کے طور پر سامنے آیا ہے ، رپورٹ کے مطابق وزیر اعظم شہباز شریف اپوزیشن لیڈر راجہ ریاض سے ملاقات میں حکومتی اتحادیوں کی جانب سے جسٹس (ر)مقبول کا نام پیش کریں گے اور قوی امکان ہے کہ نئے چیئرمین نیب کیلئے مقبول باقر کا نام پر اتفاق کر لیا جائیگا۔