اسلام آباد (این این آئی)وزیراعظم شہباز شریف نے ڈی چوک اسلام آباد کا دورہ کیا اور امن و امان کی صورت حال کو بہترین طریقے سے کنٹرول کرنے پر قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہلکاروں اور افسران کو خراج تحسین پیش کیا۔گزشتہ روز لانگ مارچ کی قیادت کرتے
ہوئے چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے ڈی چوک اسلام آباد پہنچنے کا اعلان کیا تھا تاہم صبح پی ٹی آئی کا قافلہ جناح ایونیو پہنچا جہاں شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے عمران خان نے حکومت کو الیکشن کی تاریخ کے اعلان کیلئے 6 روز کا الٹی میٹم دیا اور بنی گالہ روانہ ہو گئے۔وزیر اعظم شہباز شریف نے قومی اسمبلی کے اجلاس میں شرکت کے موقع پر وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ اور وزیر دفاع خواجہ آصف کے ہمراہ ڈی چوک اسلام آباد کا دورہ کیا جہاں انہوں نے قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہلکاروں اور افسران سے مختصر خطاب بھی کیا۔وزیراعظم نے امن و امان کی صورت حال برقرار رکھنے پر قانون نافذ کرنے والے اداروں کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ عوام کی زندگیاں بچانے کے لیے آپ نے قانون اور آئین کے دائرے میں رہ کر جو فریضہ ادا کیا اور کر رہے ہیں، اس پر شکریہ ادا کرتا ہوں کہ مشکل ترین حالات میں آپ نے پاکستان اور عوام کا تحفظ کیا۔