اسلام آباد (این این آئی)پاکستان تحریک انصاف کے سینئر رہنما اور سابق وفاقی وزیر فواد چوہدری نے دعویٰ کیا ہے کہ حکومت نے ہمارے 700 رہنماؤں کی گرفتاری کا پلان تشکیل دیا ہے۔پریس کانفرنس کے دوران فواد چوہدری نے کہا کہ ہمارے ارکان کو مقدمات میں پھنسایا جائے گا، جہلم اور گجرات میں راستہ روکنے کے لیے سیکڑوں کنٹینرز پہنچادیے گئے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ حکومت عقل کے ناخن لے، گیدڑ بھبکیوں سے معاملہ حل نہیں ہوگا، لاٹھی اور گولی سے یہ لانگ مارچ نہیں رکنے والا۔پی ٹی آئی رہنما نے کہا کہ عمران خان 25 مئی کو پشاور سے اسلام آباد پہنچیں گے، لانگ مارچ خیبرپختونخوا ور پنجاب کے لوگوں کے لیے ہے۔اْنہوں نے کہاکہ کراچی، کوئٹہ، حیدرآباد، لاڑکانہ اور سکھر میں بھی احتجاج ہوگا، پی ٹی آئی چیئرمین آئندہ کے لائحہ عمل کا اعلان 3 جون کو کریں گے۔فواد چوہدری نے کہا کہ اس وقت ملک کا وزیراعظم ضمانت پر ہے، پانچویں بڑے ملک اور ایٹمی طاقت کو شریف فیملی اور پی ڈی ایم ملبے کی وجہ سے ہزیمت کا سامنا ہے۔انہوں نے کہا کہ پرسوں ہندوستان نے روس سے تیل لیا اور قیمتیں کم کردیں، یہی ڈیل ہمیں آفر ہورہی تھی اور ہمیں ڈیل نہیں کرنے دی گئی۔پی ٹی آئی رہنما نے کہا کہ ملک کی فارن پالیسی بے بس ہے تو اس کو آزادی نہیں کہیں گے، سب سے اہم بات یہ ہے کہ ہم آزادی واپس حاصل کریں۔انہوں نے کہاکہ کشمیر کی آزادی ہماری سیاست کا کلیدی حصہ ہے، یاسین ملک سے بھی اظہار یکجہتی کرنا چاہتے ہیں، وہ ہماری دعاؤں اور دل کی دھڑکنوں میں شامل ہیں۔فواد چوہدری نے کہا کہ یاسین ملک کی سزا کا کل تعین کیا جارہا ہے، ہم سری نگر ہائی وے پر آئیں گے اور یاسین ملک سے اظہارِ یکجہتی بھی کریں گے۔انہوں نے وفاقی وزیر اطلاعات کو ہدف تنقید بناتے ہوئے کہا کہ وزیر اطلاعات کبھی کسی جگہ سے انتخاب نہیں لڑیں،
انہیں کیا پتہ کہ الیکشن ہونے ہیں کہ نہیں۔پی ٹی آئی رہنما نے کہا کہ گیدڑ بھبکیوں سے معاملہ حل نہیں ہوگا، آپ لاکھوں لوگوں کو اسلام آباد پہنچنے سے نہیں روک سکتے۔انہوں نے کہاکہ ہمارے لانگ مارچ میں ریٹائرڈ جنرلز، خواتین، بچے، ڈاکٹرز اور بیورو کریٹس کے اہلِ خانہ بھی ہوں گے۔فواد چوہدری نے کہا کہ انتظامیہ میں ذمے دار لوگ بھی ہیں، جن پر دباؤ ڈالا جارہا ہے،
بہت سے لوگ استعفیٰ دے دیں گے لیکن لانگ مارچ نہیں روکیں گے۔انہوں نے کہا کہ لاٹھی اور گولی سے لانگ مارچ نہیں رکنے والا، حکومت اگر گرفتاریاں کرنی چاہتی ہے تو ہم تیار ہیں، اس سے تمہیں ہی نقصان پہنچے گا۔پی ٹی آئی رہنما نے کہا کہ آصف زرداری کی موجیں لگی ہوئی ہیں اور نقصان پاکستان کا ہو رہا ہے، ن لیگ کو کہتا ہوں اپنے لوگوں سے مشورہ کریں۔
انہوں نے کہاکہ ہمارے دور میں 6 فیصد گروتھ تھی، سب سے زیادہ نوکریں پاکستان میں پیدا ہوئیں، کراچی میں انقلاب آئے گا، لوگ وہاں نکلیں گے۔فواد چوہدری نے کہا کہ سعودی عرب، یواے ای اور چین اس حکومت سے واضح فاصلہ کرچکے، ان ملکوں کی انٹیلی جنس نے اپنے ملکوں کو بتایا ہے پاکستانی عوام حکومت کے ساتھ نہیں۔