اسلام آباد (این این آئی)مرکزی بنک اور نجی ڈیپازیٹس کے مجموعی ذخائر میں سے مزید 200 ملین ڈالرز ہوا ہوگئے ہیں۔ تحریک انصاف کے سیکرٹری جنرل اسد عمر نے کہاکہ عدمِ اعتماد والی حماقت سے لیکر اب تک مجموعی طور پر قوم کے ساڑھے چھ ارب ڈالرز ہاتھوں سے نکل چکے ہیں۔ انہوںنے کہاکہ ساڑھے تین سال کیلئے جتنے ڈالرز کے حصول کیلئے آئی ایم ایف کی منتیں کی گئیں اس سے زیادہ محض تقریباً اڑھائی ماہ میں گنوا چکے ہیں۔ انہوںنے کہاکہ ایسے میں روپے کی اوندھے منہ مسلسل گراوٹ کس کیلئے باعثِ تعجب ہے،کٹھ پتلیاں بٹھانے کی حماقت کے نتیجے میں آج روپیہ 201 سے بھی نیچے گر چکا ہے۔ انہوںنے کہاکہ ادھار اکٹھا کرنے یا آئی ایم ایف کے سامنے جھولیاں پھیلانے سے نہیں، معیشت کو سکھ سیاسی استحکام سے ملے گا۔انہوںنے کہاکہ کٹھ پتلیوں کا تماشہ فوری ختم کرکے ملک کو انتخابات کی جانب لے جایا جائے۔