اسلام آباد(این این آئی)سندھ ہاؤس حملہ کیس میں عبوری ضمانت خارج ہونے پرپی ٹی آئی کے 2ارکان قومی اسمبلی کوگرفتارکرلیا گیا۔اسلام آباد ہائیکورٹ کے جسٹس طارق محمود جہانگیری نے درخواست ضمانت کی سماعت کے بعد فیصلہ سنایا۔
عدالت نے دونوں ارکان اسمبلی کی عبوری ضمانت خارج کردی۔عبوری ضمانت خارج ہونے کے بعد پی ٹی آئی سے تعلق رکھنے والے ارکان قومی اسمبلی فہیم خان اورعطا اللہ کو گرفتار کرلیا گیا۔اسلام آباد ہائیکورٹ نے گزشتہ ہفتے سندھ ہاؤس حملہ کیس میں نامزد ملزمان پی ٹی آئی کے مستعفی ارکان قومی اسمبلی عطا اللہ اور فہیم خان کی 50،50 ہزار روپے کے مچلکوں کے عوض عبوری ضمانت منظور کی تھی۔ عبوری ضمانت 26 اپریل تک کے لئے منظورکی گئی تھی۔سندھ ہاؤس حملہ کیس میں پی ٹی آئی یوتھ ونگ کے رہنما رائے تنویرکوبھی گرفتارکرلیا گیا۔ جسٹس طارق محمود جہانگیری نے رائے تنویر کی بھی عبوری ضمانت مسترد کردی تھی۔ پی ٹی آئی کے 2 ارکان قومی اسمبلی کے ساتھ رائے تنویر کوبھی گرفتارکر لیا گیا۔پی ٹی آئی کے تینوں رہنماؤں کوکل بدھ کو جسمانی ریمانڈ کے لئے سیشن کورٹ میں پیش کیا جائے گا۔