اسلام آباد (این این آئی) سابق وفاقی وزیر فواد چوہدری نے ٹوئٹر پر خود کو اب تک وفاقی وزیر ظاہر کیا ہوا ہے ۔تحریک عدم اعتماد کی کامیابی اور عمران خان کے
بطور وزیر اعظم فارغ ہونے کے بعد جہاں عمران خان سمیت اکثر وفاقی وزراء نے سوشل میڈیا پروفائلز میں تبدیلی کر کے اپنے ساتھ سابق کا لفظ لگادیا ہے وہیں فواد چوہدری نے خود کو اب تک ٹوئٹر پر وفاقی وزیر قرار دے رکھا ہے ۔ سوشل میڈیا پلیٹ فارم پرمسلسل فعال رہنے والے فواد چوہدری جہاں معمولی باتوں کو ایشو بنا کر اپوزیشن اور تنقید کر نے والے صحافیوں کو آڑے ہاتھوں لینے کیلئے مشہور ہیں کئی روز گزرنے کے بعد بھی خود کو وفاقی وزیر ظاہر کر رہے ہیں ۔ حکومت سے قربت رکھنے والے ایک قانونی ماہر نے بتایاکہ غلط طورپر اپنے آپ کو کسی عوامی یا سر کاری عہدے پر ظاہر کر نا قابل دست اندازی جرم ہے ۔فواد چوہدری کے ٹوئٹر پروفائل پربدھ تک وفاقی وزیر برائے اطلاعات و نشریات، وزیر قانون درج تھا۔خیال رہے کہ پی ٹی آئی حکومت کے بعد اب شہباز شریف کی کابینہ میں وزیر اطلاعات کا قلمدان مریم اورنگزیب کو دیدیا گیا ہے۔