لاہور( این این آئی)پنجاب میں افسروں کی بڑے پیمانے پر اکھاڑ پچھاڑ متوقع ہے ،گریڈ 21 کے افسر نبیل احمد اعوان کو نومنتخب وزیراعلی پنجاب حمزہ شہباز کا پرنسپل سیکرٹری تعینات کئے جانے کا امکان ہے۔ رپورٹ کے مطابق پنجاب میں افسروں کے بڑے پیمانے پر تبادلے ہوئے ہیں۔
پرنسپل سیکرٹری ٹو وزیر اعلی پنجاب محمد عامر جان ،سپیشل سیکرٹری ایوان وزیر اعلی پنجاب سقراط امان رانا اور پی ایس او ٹو وزیر اعلی پنجاب حیدر علی کو پنجاب سے وفاق میں رپورٹ کرنے کا حکم جاری کردیا گیاجبکہ گریڈ 21کے افسر نبیل احمد اعوان کو نو منتخب وزیراعلی حمزہ شہباز کا پرنسپل سیکرٹری لگائے جانے کا امکان ہے۔ نبیل احمد اعوان کی اس حوالے سے چیف سیکرٹری پنجاب سے سول سیکرٹریٹ میں ملاقات ہوئی ہے۔ ملاقات کے موقع پر ایڈیشنل چیف سیکرٹری سید علی مرتضی سیکرٹری سروسز اور کمشنر لاہور بھی موجود تھے۔نجی ٹی وی کے مطابق محکمہ ایس اینڈ جی اے ڈی نے عثمان بزدار کے چہیتے افسران کی لسٹ تیار کرلی ہے ۔ذرائع کے مطابق حمزہ شہباز کے حلف لیتے ہی پنجاب میں بڑے پیمانے پر تبادلے متوقع ہیں۔ چیف سیکرٹری اور آئی جی پنجاب کی بھی تبدیلی کا امکان ہے۔ سیکرٹری خزانہ اور سیکرٹری قانون کے علاوہ تمام سیکرٹریز کے تبادلے زیر غور ہیں جبکہ نومنتخب وزیراعلی حمزہ شہباز وقت کے ساتھ ساتھ تمام فیلڈ افسر بھی تبدیل کردیں گے۔