اسلام آباد (این این آئی)وزیراعظم شہبازشریف نے پارلیمانی پارٹی کو بتایا ہے کہ حکومت کی اولین ترجیح معیشت کا استحکام اور مہنگائی کے مارے عوام کو ریلیف کی فراہمی ہے، ہم رمضان المبارک کے دوران پٹرولیم مصنوعات کی
قیمتیں نہیں بڑھائیں گے۔ہفتہ کو وزیراعظم شہبازشریف کی زیرصدارت مسلم لیگ (ن )اور اتحادی جماعتوں کی پارلیمانی پارٹی کا مشترکہ اجلاس ، مہنگائی سمیت حکومت کو درپیش دیگر چیلنجوں کے حوالے سے مشاورت کی گئی ذرائع کے مطابق وزیراعظم نے پارلیمانی پارٹی کو بتایا کہ وفاقی کابینہ کی تشکیل کے حوالے سے مشاورتی عمل مکمل ہوگیا ہے انہوں نے کہا کہ حکومت کی اولین ترجیح معیشت کا استحکام اور مہنگائی کے مارے عوام کو ریلیف کی فراہمی ہے،عوامی مشکلات کو دیکھتے ہوئے انہوں نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ کی سمری مسترد کی اور پہلی قیمتوں کو برقرار رکھا۔ دوران اجلاس ارکان نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں آئندہ بھی نہ بڑھانے کی تجویز دیدی جس پر وزیراعظم نے کہا کہ سابق حکومت نے آخری دنوں میں پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ کو غیر فطری طور پر روکا تھا ہم رمضان المبارک کے دوران پٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں نہیں بڑھائیں گے۔