لاہور(این این آئی) احتساب عدالت نے آشیانہ، رمضان شوگر ملز اور منی لانڈرنگ ریفرنس میں وزیراعظم شہباز شریف کی حاضری معافی کی درخواست منظور کرلی۔ عدالت نے وزیراعظم شہباز شریف، حمزہ شہباز اور دیگر
کے خلاف نیب کے تین ریفرنسز پر سماعت 28 مئی تک ملتوی کر دی۔لاہور کی احتساب عدالت کے جج نسیم احمد ورک نے وزیراعظم شہباز شریف، حمزہ شہباز اور دیگر کے خلاف نیب کے تین ریفرنسز پر سماعت کی۔ وزیر اعظم کی لیگل ٹیم نے احتساب عدالت میں حاضری معافی کی درخواست دائر کی۔درخواست میں موقف اختیار کیا گیا کہ شہباز شریف ملک کے وزیراعظم منتخب ہو چکے ہیں، شہباز شریف سرکاری دورے پر کراچی گئے ہیں، وزیراعظم آج عدالت پیش نہیں ہو سکتے، استدعا ہے عدالت حاضری معافی کی درخواست منظور کرے۔عدالت نے وزیراعظم کی جانب سے تین کیسز میں جمع کرائی گئی حاضری معافی کی درخواست منظور کرتے ہوئے حمزہ شہباز کو واپس جانے کی اجازت دے دی۔ عدالت سے واپسی پر صحافی نے سوال کیا کہ پنجاب میں نمبر گیم کے حوالے سے کیا کہیں گے۔ حمزہ شہباز کا کہنا تھا کہ اللہ نے چاہا تو ساری گیم پوری ہے۔