اسلام آباد (این این آئی)نومنتخب وزیراعظم شہباز شریف نے کہاہے کہ تاریخ میں پہلی بار تحریک عدم اعتماد عامیاب ہوئی ایوان نے سلیکٹڈ اور جھرلو کی پیدوار وزیراعظم کو گھر کا راستہ دکھایا۔ قومی اسمبلی میں اظہار خیال کرتے ہوئے انہوںنے کہاکہ آج کا دن پوری قوم کے لیے عظیم دن ہے کہ ایوان نے سلیکٹڈ اور جھرلو کی پیدوار وزیراعظم کو گھر کا راستہ دکھایا۔
انہوں نے کہاکہ عوام کیلئے خوشی کی بات کی اور کیا مثال ہوگی کہ آج ڈالر کے مقابلے میں روپیہ 8 روپے اونچا گیا، 190 سے واپس 182 پر واپس آگیا ہے، کہا جاتا تھا کہ ڈالر ایک روپیہ اوپر جائے تو وزیراعظم کرپٹ ہوتا ہے، یہ 8 روپے نیچے گیا ہے تو اب کیا کہا جائیگا، یہ عوام اور ایوان کے بھرپور اعتماد کا اظہار ہے۔نومنتخب وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ پارلیمان کی قومی سلامتی کمیٹی میں خط پر اِن کیمرا بریفنگ دی جائے اگر اس حوالے سے رتی برابر ثبوت مل جائے ہم کسی بیرونی سازش کا شکار ہوئے یا ہمیں بیرونی وسائل سے مدد ملی تو ایک سیکنڈ میں وزارت عظمیٰ سے استعفیٰ دے کر گھر چلا جاؤں گا،اگر پاکستان کی معیشت کو پروان چڑھانا ہے، جمہوریت اور ترقی کو آگے بڑھانا ہے تو ڈیڈ لاک نہیں ڈائیلاگ کی ضرورت ہے، تقسیم نہیں، تفہیم سے کام لینا ہوگا، نہ کوئی غدار تھا ہے نہ کوئی غدار ہے، ہمیں احترام کے ساتھ قوم بننا ہوگا، بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کو مزید وسعت دیں گے اور اس کو تعلیمی وظائف کے ساتھ منسلک کریں گے،دنیا کے تمام ممالک کے ساتھ پاکستان کے تعلقات کو استوار کریں گے۔ پیر کو وزیراعظم پاکستان منتخب ہونے کے بعد قومی اسمبلی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے شہباز شریف نے کہاکہ میں اللہ تعالیٰ کا جتنا شکر ادا کروں کم ہے۔انہوں نے کہاکہ پاکستان کی عوام کی دعاؤں سے وزیر اعظم منتخب ہوا، یہ پاکستان کی تاریخ میں پہلا موقع ہے کہ تحریک عدم اعتماد کامیاب ہوئی، حق کو فتح حاصل ہوئی، باطل کو شکست ہوئی، اللہ تعالیٰ نے پاکستان کو قوم کی دعاؤں سے بچا لیا۔