اسلام آباد (آن لائن) پاکستان مسلم لیگ (ن) کی ترجمان مریم اورنگزیب نے وزیراعظم عمران خان کو توہین عدالت نہ کرنے سے خبردار کر تے ہوئے کہا ہے کہ پورے کا پورا حکومتی ٹولہ ذہنی توازن کھو بیٹھا ہے، عمران صاحب اور وزرا خودکش بمبار بن چکے ہیں، آج قومی اسمبلی میں عدالت کے حکم کے مطابق عدم اعتماد کی تحریک پر ووٹنگ ہوگی۔ اپنے ایک بیان میں ترجمان مسلم لیگ ن نے کہا
ووٹنگ روکی گئی یا اس میں رکاوٹ ڈالی گئی تو یہ توہین عدالت ہوگی۔ عدالت عظمی نے واضح فیصلہ دیا ہے، اس پر عمل نہ کیا تو آئین شکن ٹولہ توہین عدالت کا مجرم بھی ہوگا۔ آئین شکن ٹولہ سرکاری افسران اور عملے کو توہین عدالت پر مجبور نہ کرے۔ عمران صاحب عزت سے گھر جانے کا آپشن بھی ضائع کرنے پر تلے ہوئے ہیں۔انہوں نے کہا عدالتی فیصلے، آئین اور ضابطے کے تحت کوئی اور معاملہ ’آرڈر آف دا ڈے‘ پر نہیں آسکتا۔ عالمی سازش کا جھوٹا اور مضحکہ خیز بیانیہ بھی احتساب اور عمران صاحب کے جعلی بیانیوں کی طرح دفن ہوچکا ہے۔تخریب کاری اور توہینِ عدالت نہ کریں اب آپ کی کوئی فنکاری نہیں چل سکے گی۔جھوٹ، فریب اور دھوکہ کی بہت تقاریر سْن لیں اب مزید وقت ضائع نہ کریں۔ دوسری جانب وزیر اعظم عمران خا ن نے کہا ہے کہ ہم کہیں نہیں جارہے آپ دیکھتے جائیں ہوتا کیا ہے استعفے دینے کا مطلب سازش کو کامیاب بنانے کے مترادف ہوگا ۔ وزیراعظم کی زیر صدارت پارلیمانی پارٹی اجلاس کا اجلاس منعقد ہوا ۔ ذرائع کے مطابق پارلیمانی پارٹی نے وزیراعظم عمران خان کے فیصلو ں پر مکمل اعتمادکا اظہار کیا ۔ اجلاس میں ارکان پارلیمنٹ کی جانب سے سخت ترین اپوزیشن کرنے کی تجاویز دینے پر عمران خان نے ٹوکتے ہوئے کہا کہ اپوزیشن کیوں ہم کہیں نہیں جارہے آپ دیکھتے جائیں ہوتا کیا ہے استعفے دینے کا مطلب سازش کو کامیاب بنانے کے مترادف ہوگا
کسی صورت حکومت گرانے کی سازش کامیاب نہیں ہونے دوں گا تمام اراکین اپنے حلقوں میں جائیں اپنے لوگوں کو ا سازش سے آگاہ کریں۔ اجلاس میں وزیراعظم نے موجودہ صورتحال پر پارلیمانی پارٹی کو اعتماد میں لیا جس پر پارلیمانی پارٹی نے مکمل اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم آپ جو حکم کریں گے ہم آپ کے ساتھ ہیں۔اجلاس میں ارکان پارلیمنٹ نے وزیراعظم سے موجودہ صورتحال میں مختلف آپشنز پر بھی سوالات کئے ۔ ذرائع کے مطابق وزیراعظم نے اراکین پارلیمنٹ سے کہا کہ میری بات سن لیں شہباز شریف اچکن نہیں پہن سکے گا یہ سارے ملکر بھی ہمیں نہیں روک سکتے، قوم ہمارے ساتھ ہے۔