اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک ، آئی این پی ) اپوزیشن رہنما شہبازشریف نے نگران وزیراعظم کے معاملے پر صدر کے خط پر جواب دے دیا۔میڈیا رپورٹس کے مطابق مسلم لیگ (ن) کے صدر اور اپوزیشن لیڈر شہباز شریف نے صدر مملکت عارف علوی کے نگران وزیراعظم کے لیے
مشاورت کے خط کا جواب دیا جس میں انہوں نے نگران وزیراعظم کے لیے مشاورت سے انکار کردیا۔شہباز شریف نے اپنے جواب میں صدر کو کہا کہ آپ نے مجھے دو خط لکھے ہیں جس میں نگران وزیراعظم کے لیے جسٹس (ر) گلزار احمد کا نام بھی دیا ہے تاہم سپریم کورٹ نے اس سارے معاملے پر از خود نوٹس لے رکھا ہے۔شہباز شریف نے اپنے جواب میں مؤقف اپنایا کہ آپ معاملے پر جاری سپریم کورٹ کےحکم امتناع کی خلاف ورزی کررہےہیں اور آپ جتنی مشاورت کررہے ہیں یہ سب عدالتی احکامات اور قانون کی خلاف وزری ہے لہٰذا میں اس مشاورت کا حصہ نہیں بن سکتا۔علاوہ ازیں مسلم لیگ (ن)کے صدر شہباز شریف نے کہا ہے کہ تحریک انصاف کے کچھ ساتھیوں کا آئین اور قانون کے دفاع میں نیازی کے خلاف کھڑا ہونا خوش آئند ہے، آئیں ہم سب آئین اور قانون کی حفاظت اور پاسداری کے لیے یکجا ہو جائیں۔بدھ کو سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے ایک بیان میں شہباز شریف نے کہا کہ اقتدار کی حوس نے نیازی اور اس کے بچے کھچے حواریوں کو ذہنی طور پر مکمل طور پر مفلوج کر دیا ہے،تحریک انصاف کے کچھ ساتھیوں کا آئین اور قانون کے دفاع میں نیازی کے خلاف کھڑا ہونا خوش آئند ہے، انہوں نے مزید کہا کہ آئیں ہم سب آئین اور قانون کی حفاظت اور پاسداری کے لیے یکجا ہو جائیں۔