کراچی (آئی این پی)شہر قائد میں سمندری ہوائیں بحال ہوگئیں جس کے بعد گرمی کی شدت میں بھی کمی آگئی ہے۔محکمہ موسمیات کے مطابق شہر میں آج کم سے کم درجہ حرارت 22 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جبکہ زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 36 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہونے کا امکان ہے۔محکمہ موسمیات نے بتایا کہ شہر میں 12 کلو میٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے جنوب مغربی ہوا چل رہی ہے، آج مطلع صاف رہے گا ، البتہ بارش کا کوئی امکان نہیں ہے۔ محکمہ موسمیات نے بتایا کہ 8 اپریل سے گرمی کی ایک اور لہر کراچی کو متاثر کرے گی، 8 اپریل سے کراچی کا درجہ حرارت 40 ڈگری سینٹی گریڈ سے تجاوز کرنے کا امکان ہے۔محکمہ موسمیات نے مزید بتایا کہ ماہ رمضان کے پہلے عشرہ کے پانچ روزے موسم صحیح ہوگا، 5 روزوں کے بعد گرمی کی شدت میں ایک بار پھر اضافہ ہوگا جبکہ ماہ رمضان میں مجموعی طور پر 3 گرمی کی لہریں متوقع ہیں۔