اسلام آباد (این این آئی، آن لائن)وفاقی وزیر اطلاعات چوہدری فواد حسین نے کہاہے کہ قوم کو مبارک ہو ! شہباز شریف کے کیس میں ضمانت منسوخی کی درخواست کو سماعت کیلئے منظور کر کے سوموار کو دلائل کیلئے مقرر کر دیا گیا ہے۔وفاقی وزیر اطلاعات نے کہاکہ
انشاللہ سوموار کو ضمانت منسوخی پر فیصلہ آ جائیگا۔اس سے قبل کابینہ ڈویژن نے وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات چوہدری فواد حسین کو وزارت قانون و انصاف کا اضافی چارج سونپے جانے کا نوٹیفیکیشن جاری کر دیا۔ جس کے بعد چوہدری فواد حسین نے وزارت قانون و انصاف کا اضافی عہدہ سنبھال لیا۔ اپنے عہدے کا چارج سنبھالے کے بعد وفاقی وزیر اطلاعات چوہدری فواد حسین نے وزارت قانون و انصاف کا دورہ کیا ۔ سیکرٹری وزارت قانون و انصاف اور وزارت کے دیگر حکام نے وفاقی وزیر اطلاعات و قانون کا استقبال کیا۔ سیکرٹری وزارت قانون نے وفاقی وزیر کو وزارت کے امور کے حوالے سے بریفنگ دی۔ دوسری جابن وفاقی وزیر اطلاعات، نشریات چوہدری فواد حسین نے وزارت قانون و انصاف کا چارج سنبھالتے ہی بڑا ایکشن لے لیا ہے ۔ وفاقی وزیرنے عالمی سازش کے حوالے سے کمیشن قائم کرنے کی ہدایات کر دی۔کمیشن عالمی سازش کے ذریعے حکومت کی تبدیلی اور تحریک عدم اعتماد جیسے دیگر عوامل کا جائزہ لے گا۔ کمیشن عالمی سازش کی تحقیقات کر کے اپنی رپورٹ مرتب کرے گا۔ وفاقی وزیر قانون نے اسلام آباد، کراچی، لاہور میں درجنوں لیگل افسران کو تبدیل کرنے کے احکامات بھی جاری کر دیئے۔ وزارت قانون و انصاف کے تمام افسران کو اپنے فرائض منصبی بہتر انداز میں انجام دینے کی ہدایت کی ہے ۔