لاہور( این این آئی)پنجاب میں حکومت سازی کے لئے سیاسی سر گرمیوں میںتیزی آ گئی ، مسلم لیگ (ن) نے اپنے تمام اراکین پنجاب اسمبلی کو لاہور پہنچنے کی ہدایت کر دی ،
آئندہ ایک سے دو روزمیں پارلیمانی پارٹی کا اجلاس بلا کراراکین کو اعتمادمیں لیا جائے گا۔ ذرائع کے مطابق پنجاب میں حکومت سازی کیلئے متحدہ اپوزیشن کے رہنمائوں کا ویڈیو لنک کے ذریعے اجلاس ہواجس میں تحریک انصاف کے ناراض گروپوں سے رابطوں اور حکومت سازی کے ابتدائی خدوخال پر تبادلہ خیال کیا گیا ہے ۔ ذرائع کے مطابق اسی تناظر میں مسلم لیگ (ن) نے اپنے تمام اراکین پنجاب اسمبلی کو لاہور پہنچنے کا پیغام دیدیا ہے جبکہ آئندہ ایک سے دو روزمیں قائد حزب اختلاف حمزہ شہباز کی زیر صدارت پارلیمانی پارٹی کا اجلاس منعقد ہوگا جس میں اراکین کو اب تک کے رابطوں اور پیشرفت کے حوالے سے اعتمادمیں لیا جائے گا۔اجلاس سے پارٹی قائد نواز شریف اور صدر شہباز شریف کا ویڈیو لنک کے ذریعے خطاب بھی متوقع ہے ۔