اسلام آباد(آئی این پی) افغانستان میں دگرگوں معاشی حالات میں کرپٹو کرنسی کا کاروبار پنجے گاڑھنے لگا۔ برطانوی نشریاتی ادارے کے مطابق طالبان حکومت کے اقتدار میں آنے کے بعد اقتصادی صورتحال غیر یقینی ہے اور ملک میں نقدی کی کمی ہے کیونکہ امریکہ نے افغانستان کے اثاثے منجمد کر رکھے ہیں۔
شہریوں کا کہنا ہے کہ طالبان کے آنے کے بعد یہاں کرپٹو کرنسی جنگل میں آگ کی طرح پھیلی ہے اور لوگ دھڑا دھڑ بٹ کوائن خرید رہے ہیں کیونکہ رقم حاصل کرنے کا کوئی اور زریعہ نہیں ہے۔کرپٹو کرنسی رکھنے والوں کا موقف ہے کہ مستقبل اسی کا ہے اور بنکوں پر انحصار کم ہو رہا ہے۔افغانستان میں بنکاری نظام بند پڑا ہے جس کی وجہ سے لوگ کرپٹو کرنسی پر انحصار کر رہے ہیں۔گوگل کی ایک رپورٹ میںکہا گیا ہے کہ افغانستان میں بٹ کوائن اور کرپٹو کی سرچ ٹاپ پر ہے جو لوگوں کے رجحان کی عکاس ہے۔عالمی ڈیٹا فرم chainalysisنے کرپٹو کرنسی کے حوالے سے افغانستان کو 154ملکوں میں سے 20واں درجہ دیا ہے جو سال قبل نہ ہونے کے برابر تھا۔