اسلام آباد (این این آئی) پاکستان تحریک انصاف کے سینیٹر فیصل جاوید نے کہا ہے کہ تحریک عدم اعتماد پر ووٹنگ 27 مارچ کو ہوگی۔پیر کو میڈیا نمائندوں سے غیر رسمی گفتگو میں سینیٹر فیصل جاوید نے تحریک عدم اعتماد پر ووٹنگ کیلئے 28 مارچ کی تاریخ کی تصدیق کی تھی تاہم بعد ازاں انہوں نے ٹوئٹر پر جاری بیان میں کہا کہ انشااللہ پاکستان کی تاریخ کا سب سے بڑا جلسہ آزادی چوک اسلام آباد میں 27 مارچ بروز اتوار کو ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ تحریک عدم اعتماد پر ووٹنگ 27 مارچ کے بعد ہوگی۔اس سے قبل وزیراعظم کی زیرصدارت پی ٹی آئی کی کور کمیٹی کا اجلاس ہوا جس میں قومی اسمبلی کا اجلاس بلائے جانے پر مشاورت مکمل کرلی گئی ہے۔ذرائع کے مطابق کور کمیٹی کے اجلاس میں اسد عمر نے اتحادی جماعتوں سے رابطوں اور مشیر پارلیمانی امور بابر اعوان نے قانونی نکات پر بریفنگ دی جب کہ صوبائی صدور نے پارٹی کے تنظیمی معاملات سے آگاہ کیا۔ذرائع نے بتایا کہ کور کمیٹی نے عدم اعتماد سے متعلق تمام فیصلوں کا اختیار وزیراعظم کو دے دیا ہے۔ذرائع کے مطابق وزیراعظم نے اتحادیوں پر بھرپور اعتماد کا اظہارکرتے ہوئے کہا کہ اتحادی کہیں نہیں جارہے،ہمارے ساتھ ہیں اور ہماری تمام تیاریاں مکمل ہیں، عدم اعتماد سے کوئی پریشانی نہیں،صورتحال اطمینان بخش ہے۔ذرائع کے مطابق کور کمیٹی میں اتفاق کیا گیا کہ ڈی چوک پر ملکی تاریخ کا سب سے بڑا جلسہ ہوگا ،پی ٹی آئی نے جارحانہ پالیسی جاری رکھنے پر اتفاق کیا ہے۔ذرائع کے مطابق کور کمیٹی کے اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ ملک بھر میں سیاسی جلسے جاری رکھے جائیں گے جب کہ ملک کے مزید شہروں میں جلسے کیے جائیں گے۔