کراچی(این این آئی)پاک فضائیہ کی جانب سے فضائی بیڑے میں جے10سی جہازوں کی شمولیت کی مناسبت سے ملی نغمہ جاری کردیا گیا ہے۔پاک فضائیہ کے شعبہ تعلقات عامہ نے فضائی بیڑے میں جے۔10 سی جہازوں کی شمولیت کی مناسبت سے ملی نغمہ جاری کیا ہے۔نغمے میں پاک فضائیہ کے بہادر شاہینوں کو خراج تحسین پیش کیا گیا ہے جو دفاع وطن کے لیے ہمہ وقت چوکس و تیار ہیں۔
نغمے میں اس امر کو بھی اجاگر کیا گیا ہے کہ پاک فضائیہ اپنی آپریشنل صلاحیتوں میں مزید اضافے کے لئے جدت اور خودانحصاری کی جانب گامزن ہے۔مزید برآں ملی نغمے میں اس عہد کی بھی تجدید کی گئی ہے کہ پاک فضائیہ کا ہر جوان ارض پاک کی ناموس کی حفاظت کے لیے کسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کرے گا۔دریں اثناء جدید لڑاکا طیارے جے10 سی کی پاک فضائیہ میں شمولیت کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ایئرچیف مارشل ظہیربابر نے کہا ہے کہ وطن کے دفاع کیلئے پاک فضائیہ پرعزم ہے، جے 10سی فضا سے زمین اورسمندر میں ٹارگٹ کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔انہوں نے کہا کہ جے10سی بحری حدود کے دفاع میں کلیدی کردار ادا کرنے کی صلاحیت، جدید فائٹرایئرکرافٹ جے 10سی بحری جہازتباہ کرنے والے موثر میزائلوں سے لیس اور بھاری مقدار میں حربی سازو سامان اٹھانے کی صلاحیت رکھتا ہے۔ظہیربابر نے کہا کہ جے10 سی اسٹریٹیجک جوہری ہتھیار لے جانے کے قابل ہے، جے 10 لڑاکا طیاروں کوجیایف 17کے ساتھ مواصلاتی طور پر منسلک کرنے کا آپشن اور جدید فائٹرایئرکرافٹ جے10سی بھارتی رفال طیاروں کامقابلہ کرسکتاہے۔ایئرچیف مارشل نے کہا کہ چینی ساختہ جے10 سی 4.5 پلس پلس جنریشن طیارہ ہے، جے10سی میں جدید ترین ریڈار نظام نصب ہے، جے10سی کو ویگرس ڈریگن بھی کہا جاتا ہے۔انہوں نے کہا کہ جے 10 سی کے ریڈار میں 1400 ٹی آر ایم ہے،
بھارتی رفال طیاروں کے ریڈار میں 1200 ٹی آر ایم ہے۔ ظہیربابر نے کہا کہ وطن کے دفاع کیلئے پاک فضائیہ پرعزم ہے، آج کا دن پاک فضائیہ کیلیے تاریخی ہے، جے10سی کی شمولیت سے پاک فضائیہ کی طاقت میں مزید اضافہ ہوا، خطے میں امن کیلئے چین کے ساتھ ملکرکام کررہے ہیں، ہم چیلنجنگ دورمیں رہ رہے ہیں۔