اسلا م آباد (نیوز ڈیسک) ایشیا کپ میں انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کے متنازع میچ ریفری اینڈی پائی کرافٹ کی پاکستانی ٹیم کے منیجر اور کپتان سے معافی مانگنے کی ویڈیو منظرِ عام پر آگئی۔پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے مطابق اینڈی پائی کرافٹ نے پاکستانی ٹیم کے کپتان اور منیجر سے باضابطہ طور پر معذرت کی ہے۔یاد رہے کہ بھارت اور پاکستان کے میچ کے دوران اینڈی پائی کرافٹ نے دونوں ٹیموں کے کپتانوں کو ہاتھ ملانے سے روک دیا تھا جس پر پی سی بی نے سخت احتجاج کیا تھا۔ریفری نے 14 ستمبر کو پیش آنے والے اس واقعے کو غلط فہمی اور مس کمیونیکیشن کا شاخسانہ قرار دیتے ہوئے معذرت پیش کی۔
آئی سی سی کی جانب سے بھی اس معاملے پر وضاحت سامنے آئی ہے اور اعلان کیا گیا ہے کہ میچ کے دوران ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کی انکوائری کی جائے گی۔دوسری جانب میچ ریفری کی تبدیلی سے متعلق جاری ڈیڈ لاک میں بھی بہتری آئی ہے اور اطلاعات کے مطابق پاکستان کرکٹ ٹیم کو پی سی بی کی جانب سے گرین سگنل مل گیا ہے جس کے بعد وہ متحدہ عرب امارات کے خلاف اپنا اگلا میچ کھیلے گی۔