دبئی (این این آئی)ایشیا کپ میں شریک بھارتی کرکٹرز دبئی میں پریکٹس کے دوران پاکستانی نیٹ بولرز کے ساتھ رابطے اور تصاویر لینے سے بھی ہچکچا رہے ہیں بلکہ مکمل طور پر گریز کر رہے ہیں۔ایک رپورٹ کے مطابق یہ رویہ اس وقت سامنے آیا جب چند روز قبل بھارتی کپتان سوریا کمار یادیو کی ایشین کرکٹ کونسل اور پی سی بی کے چیئرمین محسن نقوی کے ساتھ ہاتھ ملانے کی تصویر وائرل ہوئی، جس پر بھارتی میڈیا اور سوشل میڈیا نے شدید ردعمل دیا۔دبئی کی آئی سی سی اکیڈمی میں بھارتی ٹیم پریکٹس کے لیے پہنچتی ہے تو یو اے ای میں مخلتف کلبس سے کھیلنے والے کھلاڑی بولنگ کرانے آتے ہیں، جن پر بھارتی ٹیم انتظامیہ نے پابندی لگا دی ہے کہ اپنے اسمارٹ فونز سے پلیئرز کی تصویر نہ لی جائے۔
دبئی میں بھارتی ٹیم انتظامیہ نے نہ صرف نیٹ بولرز پر اسمارٹ فونز استعمال کرنے پر پابندی لگائی ہے بلکہ پریکٹس کرانے والے پلئیرز کے اسمارٹ فونز بھی بھارٹی ٹیم انتظامیہ اپنے قبضے میں لے لیتی ہے اور جب ٹیم پریکٹس ختم کرتی ہے، تو سامان پیک کرنے کے بعد نیٹ بولرز کو اسمارٹ فون واپس کیے جاتے ہیں۔ذرائع کے مطابق بھارتی کرکٹ بورڈ نے کھلاڑیوں کو ہدایت دی ہے کہ وہ پاکستانی نیٹ بولرز کے ساتھ کسی قسم کی تصاویر یا دوستانہ گفتگو سے اجتناب کریں۔آئی سی سی اکیڈمی کے ذرائع کے مطابق نیٹ سیشن میں مختلف ممالک کے بولرز شامل ہوتے ہیں، جن میں پاکستان، افغانستان، بنگلہ دیش، سری لنکا اور بھارت کے کھلاڑی شامل ہیں اور ماضی میں تصاویر کھینچنا معمول کی بات رہی ہے۔گزشتہ چیمپیئنز ٹرافی دبئی لیگ میں پاکستانی نیٹ بولرز نے ویرات کوہلی اور دیگر بھارتی کھلاڑیوں کے ساتھ تصاویر بھی لی تھیں، مگر اب بھارتی بورڈ کے دباؤ کے تحت کھلاڑیوں کا رویہ بدل گیا ہے۔کرکٹ مبصرین کا کہنا ہے کہ سیاسی دباؤ اور ‘جنگی جنون’ بھارتی کھلاڑیوں کی آزادانہ پریکٹس اور دوستانہ میل جول کو محدود کر رہا ہے۔